پاکستانی ہر معاملے میں سعودی عرب کے ساتھ ہیں‘ سفیر پاکستان

71

 

سعودی عرب کے 88ویں قومی دن ’یوم الوطنی‘ کے موقع پر مملکت میں متعین پاکستانی سفیر خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ میں سعودی عرب کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے اپنے پاکستانی بھائیوں کی بہترین تمنائیں اور دعائیں پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ملکوں اورعوام کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ اپنی اور تمام پاکستانیوں کی جانب سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور عوام کو سعودی قومی دن کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا دونوں برادر ملکوں کے مابین بہترین تعلقات قائم ہیں جن میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔
پاکستان قونصلیت جدہ کے پریس قونصلر ارشد منیر کے مطابق سفیر پاکستان نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تاریخی طور پر قائم تعلقات کی عکاسی دونوں ملکوں کے عوام میں دکھائی دیتی ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا حکومت اور پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ ہر معاملے میں کھڑے ہیں۔ ہر پاکستانی ارض حرمین کو اپنا روحانی وطن تصور کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معتمرین اور حجاج کرام کو جو مثالی خدمات فراہم کی جارہی ہیں اس کا ہر کوئی معترف ہے۔ مملکت نے وژن 2030ء شروع کیا ہے جو دراصل تیزی سے ترقی کے لیے ایک روڈ میپ ہے۔ ہمیں اس پر بے حد خوشی ہے اور انشاءاللہ پاکستان اس منصوبے میں شریک کار ہوگا۔ اس منصوبے کے نتیجے میں پورے خطے میں خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں20لاکھ سے زیادہ پاکستانی کام کرتے ہیں جو مملکت اور اس کے شہریوں کی مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہیں۔ پاکستانی تارکین وطن کی یہ بڑی کمیونٹی مملکت میں کام کرتے ہوئے سعودی عرب کے لیے اپنی محبت نچھاور کرتی ہے۔ سعودی عرب نے قلیل عرصہ میں جو ترقی کی ہے، وہ متاثر کن ہے۔
سفیر پاکستان نے سعودی عرب کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت اور رہنمائی میں سعودی عرب نے عالمی امور طور پر ایک اہم پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ سعودی عرب امن اور سلامتی کے کاز کی حمایت کرکے امہ کے امو رمیں قائدانہ کردارادا کررہا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ