ڈاکٹر پرویز محمود شہید نے کراچی کو کھنڈر بنانے والوں کو بے نقاب کیا ، حافظ نعیم الرحمٰن

156
ڈاکٹر پرویز محمود شہید کی یاد میں کراچی پریس کلب میں شہادت کانفرنس سے حافظ نعیم الرحمن‘ شکور شاد‘ طارق حسن‘ قاضی احمد نورانی ودیگر خطاب کررہے ہیں
ڈاکٹر پرویز محمود شہید کی یاد میں کراچی پریس کلب میں شہادت کانفرنس سے حافظ نعیم الرحمن‘ شکور شاد‘ طارق حسن‘ قاضی احمد نورانی ودیگر خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی کے امن کو تباہ کر نے اور کراچی کو کھنڈر بنانے والے چہروں کو بے نقاب کر نے کے لیے ڈاکٹر پرویز محمود نے کراچی کے عوام کے لیے اپنی جوانی کھپا دی اور کراچی کی عوام کو بھتا خوروں اور قاتلوں سے نجات دلانے کی جدو جہد میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا ۔ڈاکٹر پرویز محمود شہید کی زندگی وشہادت ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے ۔کراچی کے ایسے عظیم رہنماؤں کایاد رکھنا اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کر نا ریاست کی ذمہ داری ہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی پریس کلب میں احباب و رفقاء کی جانب سے
منعقد کی جانے والی شہادت کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔شہادت کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شکور شاد، مسلم لیگ (ق)سندھ کے جنرل سیکرٹری طارق حسن، کراچی پریس کلب کے صدر احمد ملک ،جے یو پی کے رہنما قاضی احمد نورانی ،پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل شیخ ، چیئرمین مہاجر قومی لیگ فرید خان ،پیپلز پارٹی کے رہنما سید سہیل عابدی،وائس چیئرمین یوسی 20ضلع وسطی مولانا سلطان محمود ،جامعہ ربانیہ ناظم آباد کے مہتمم مولانا شمس الہدیٰ ،مرزا فرحان بیگ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے شہادت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ ڈاکٹر پرویز محمود شہید کے مشن کو جاری رکھنے کے لیے ان کے مقاصد کو پورا کرنا ہوگا ، کراچی میں امن وامان کی صورتحال بحال کرنے میں شہیدوں کا لہوبھی شامل ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر ملک و قوم کی خاطر ،شہر کی تعمیر وترقی کی خاطر شہید کے مشن کو آگے بڑھائیں اور شہر کراچی کو چمکتا دھمکتا شہر بنائیں ۔شکور شاد نے کہاکہ پرویز محمود انفرادی شخصیت کے حامل نہایت جرات مند وبہادر انسان تھے ،وہ ایک گمنام سپاہی تھے جس نے کراچی کے مظلو م شہریوں اور نہتے لوگوں کی حفاظت کی اور بلا رنگ ونسل اور تعصب کے اتحاد واتفاق کا پیغام عا م کیا۔ہمیں بھی شہید کے مشن او رمقاصد کو آگے بڑھانا چاہیے تاکہ شہر کی رونقیں مکمل طور پربحال ہوسکیں۔طارق حسن نے کہا کہ پرویز محمود شہید شہری حکومت میں ہماری ٹیم کا حصہ رہے اور تمام ٹاؤن ناظمین میں سے واحد لیڈر تھے جو ہمہ وقت عوام کی بہبود اور شہر کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے سرگرم رہتے اور نہ صرف پرویز محمود شہید ؒ بلکہ جماعت اسلامی کی پوری ٹیم نے مل کر شہر کی تعمیر و ترقی میں ساتھ دیا جس پر جماعت اسلامی کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔قاضی احمد نورانی نے کہاکہ ڈاکٹر پرویز محمود شہید ؒ نے شہر کی مذہبی شناخت کو مٹانے،شہری وسائل اور شہر میں قبضہ کرنے والوں کے خلاف جدوجہد کی اور فرعونیت کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کیا جس کے نتیجے میں شہر پر دعویٰ کرنے والے اپنے انجام تک پہنچ گئے لیکن ڈاکٹر پرویز محمود شہید آج ہم سب کے دلوں میں زندہ ہیں۔احمد ملک نے کہاکہ ڈاکٹر پرویز محمود شہید ؒ ظالم کے سامنے آخری سانس تک ڈٹے رہے اور اس جدو جہد کے ساتھ ہی وہ ہر وقت شہر کراچی کے کسی نہ کسی کے مسئلہ کے حل کے لیے مصروفِ عمل رہتے تھے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ