وزیراعظم کی اہم قومی معاملات پر تمام وزرائے اعلی کو ساتھ لیکر چلنے کی یقین دہانی

175

وزیراعظم عمران خان نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے دوران تمام صوبوں کے وزرائے اعلی کو اہم ملکی معاملات میں ساتھ لے کر چلنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق تمام اہم قومی معاملات پر صوبوں کو ساتھ لے کر چلے گا۔

وزیراعظم ہا ؤس میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان اور وزیراعلی بلوچستان جام کمال سمیت کونسل کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وفاق اور صوبوں کے درمیان 18ویں ترمیم کے بعد تقسیم شدہ امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی جب کہ صوبائی وزرائے اعلی نے مختلف تجاویز اور مسائل سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

عمران خان نے وزرائے اعلی کو یقین دہانی کرائی کہ وفاق تمام اہم قومی معاملات پر صوبوں کو ساتھ لے کر چلے گا اور وفاقی و صوبائی حکومتوں میں مضبوط رابطوں اور ہم آہنگی سے ملک ترقی کریگا۔انہوں نے کہا کہ صوبوں کو مزید خود مختار بنانا چاہتے ہیں اور صوبوں کی ترقی کے لیے انقلابی پروگرام رکھتے ہیں۔

وزیراعظم نے یقین دلایا کہ وسائل کی شفاف تقسیم اور اس کی نچلی سطح تک منتقلی ہر صورت یقینی بنائیں گے اور ملکی ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچائیں گے۔ وزیراعظم نے شرکا کو مقامی حکومتوں کے نئے نظام اور جامع اصلاحات کے بارے میں بھی اعتماد میں لیا۔

مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے چاروں صوبائی وزرائے اعلی نے ملاقات کی جس میں صوبوں کے امور پر گفتگو کی گئی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ