قومی ہاکی ٹیم کے غیرملکی ٹرینر نے بھی استعفی دے دیا

137

کوچ رولنٹ اولٹمنز کی رخصتی کے بعد قومی ہاکی ٹیم کے غیرملکی ٹرینر نے بھی استعفی دے دیا ہے۔

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ڈینیل بیری کو رولنٹ اولٹمنز کی سفارش پر ہی قومی ٹیم کے ساتھ وابستہ کیا گیا تھا۔ ڈینیل نے 23 اپریل 2018 کو ٹیم کو جوائن کیا تھا۔ ایبٹ آباد میں پہلی بار کھلاڑیوں کے فزیکل کنڈیشنگ کیمپ میں ذمہ داریاں نبھائیں۔

ڈینیل بیری کی موجودگی میں ٹیم کی فٹنس میں بہتری کے آثار نظر آنا شروع ہوئے تھے، 2 روز پہلے ایشین گیمز میں چوتھی پوزیشن لینے والی ٹیم کو پہلے ڈچ کوچ رولنٹ نے خیرباد کہا اور اب ڈینیل بیری نے پی ایچ ایف کو مزید کام نہ کرنے کے فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔

غیر ملکی ٹرینر نے ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 ماہ میں کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت یادگار رہا، بڑے دکھ کے ساتھ ٹیم کی ذمہ داریوں سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، محنت جاری رکھیں تاکہ آپ اپنے مقاصد میں کامیاب ہوسکیں۔ اگر کسی کھلاڑی کو مجھ سے رہنمائی کی ضرورت ہو تو میری خدمات حاضر ہیں۔

پی ایچ ایف نے حسن سردار کو رولنٹ اولٹمنز کی جگہ چیف کوچ مقرر کیا ہے، اب ایشین چیمپئنز ٹرافی کے لیے منگل کو لاہور میں شروع ہونے والے کیمپ کے لیے ملکی ٹرینر کی خدمات لی جائیں گی۔ ایشین چیمپئنز ٹرافی 18 اکتوبر سے مسقط عمان میں کھیلی جارہی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ