پاکستان اور امریکا کشیدگی ختم کر کے تعلقات کو استوار کریں۔ایف پی سی سی آئی 

192

چین سے پاکستان کی بڑھتی ہوئی رفاقت کسی ملک کے خلاف نہیں ۔غضنفر بلور

ایف پی سی سی آئی اور نیویارک چیمبر کے مابین مفاہمت کی یاداشت پر دستخط

فیڈریشن آف پا کستا ن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹر ی(ایف پی سی سی آئی) کے صدرغضنفر بلورنے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کشیدگی ختم کر کے تعلقات کو دوبارہ استوار کریں جسکے لئے کاروبار سب سے بہتر آپشن ہے۔

دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے اور دونوں ایک دوسرے کو تجارتی ترغیبات دیں۔چین سے پاکستان کی بڑھتی ہوئی رفاقت کسی ملک کے خلاف نہیں ہے اور نہ ہی اس سے دیگر ممالک سے تعلقات اور معاہدوں پر اثر پڑے گا۔ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور نے یہ بات امریکہ کے دورے کے دوران گریٹر نیویارک چیمبر آف کامرس کے صدر مسٹر جیف مارک سے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کے بعد کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین، وفاقی چیمبر کے نائب صدور کریم عزیز ملک اور شفیق انجم، مہمند چیمبر کے صدر فیصد خان، چارسدہ چیمبر کے صدر سکندر خان، ارسلان کھوکھر اور امریکہ میں پاکستان کے کمرشل کونسلر عرفان اور دیگر بھی موجود تھے۔ غضنفر بلور نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کو اپنی منڈیوں تک مکمل رسائی دیں اور ایک دوسرے کے مفادات ترجیحات مجبوریاں اور تحفظات سمجھیں ۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان دیگر ممالک پر اپنا انحصار کم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جس کی کامیابی کیلئے امریکہ اور بھارت سمیت تمام ممالک سے تجارت میں اضافہ بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔دونوں ملک سمجھ لیں کہ تعلقات میں استحکام کے بغیر کوئی بھی ملک اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکتا ہے اور جس کیلئے تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانا ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ ماضی کی طرح اب بھی پاکستان کو انرجی سیکورٹی اور ڈیموں کی تعمیر میں مدد دے سکتا ہے۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل نے کہا کہ قریبی دوستوں کو دور دھکیلنے اور سزا دینے کی پالیسی سے مقاصد حاصل نہیں کئے جا سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ سرمایہ کار پاکستان کے توانائی، زراعت، انفراسٹرکچر، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ
mm
قاضی جاوید سینئر کامرس ریپورٹر اور کامرس تجزیہ، تفتیشی، اور تجارتی و صنعتی،معاشی تبصرہ نگار کی حیثیت سے کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں ۔جسارت کے علاوہ نوائے وقت میں ایوان وقت ،اور ایوان کامرس بھی کرتے رہے ہیں ۔ تکبیر،چینل5اور جرءات کراچی میں بھی کامرس رپورٹر اور ریڈیو پاکستان کراچی سے بھی تجارتی،صنعتی اور معاشی تجزیہ کر تے ہیں qazijavaid61@gmail.com