اقامت دین کی جدوجہد کرنے والوں کے حوصلے پست نہیں ہوتے

90
جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن ضلع بن قاسم کی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں، عبدالجمیل خان اور عبدالوہاب بھی موجود ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) حق کبھی بھی ناکام نہیں ہوتا ،اقامت دین کی جدوجہد کرنے والوں کے اوصاف اور حوصلے ہمیشہ بلند ہوتے ہیں ،دعوت حق کا کام آخری سانسوں تک جاری رہے گا ۔اللہ جب چاہے گا دنیا کی ساری کامیابی ہمارے قدموں میں ڈھیر کردے گا۔دنیا و آخرت کی کامیابی کیلیے جدوجہد کی جائے ،جماعت اسلامی اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کی جدوجہد کر رہی ہے ۔حکومت امریکا کی کاسہ لیسی سے اجتناب برتے اورکشمیروں پر ہونے والے مظالم کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی جائے۔ یہ بات جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کی شوریٰ سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی ۔اس موقع پر نائب امیر کراچی ڈاکٹر عبدالواسع شاکر،سیکرٹری انجینئر عبدالوہاب،امیر ضلع بن قاسم عبدالجمیل خان ودیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی روز اول سے تطہیرافکار،افکارتعمیراور صالح افراد کی تلاش اور ان کی تربیت کیلیے عملی جدوجہد کر رہی ہے۔ حالات اور مشاورت کے مطابق ہم کام کرتے ہیں۔ ہم اپنے دستورکی رو سے جمہوری اور آئینی طریقوں پر کام کرنے کے پابند ہیں ۔ہم کسی خفیہ یا اسٹیبلشمنٹ کے سہاروں پر اقتدار میں آنا نہیں چاہتے۔ 25جولائی کے انتخابات کے بارے میں اوروں کی طرح ہمارے بھی تحفظات ہیں،جس کا ہم نے ہر جگہ بھرپور طریقے سے اظہار بھی کیا ہے لیکن ہم نئی حکومت کو کام کرنے دینا چاہتے ہیں ۔دین اسلام ،قومی سلامتی یا عوامی امنگوں کے خلاف کوئی کام کرنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور طریقے سے مزاحمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا عادلانہ نظام ہی ہمارے مسائل کا واحد حل ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ