وزیراعظم عمران خان بھارتی ہم منصب کو خط،مذاکرات کی بحالی پر زور

107

وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندرا مودی کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے پاک بھارت مذاکرات کی دوبارہ بحالی پر زور دیا ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی نے عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارک باد دینے کے لیے تہنیتی خط لکھا تھا۔جس کے جواب میں وزیر اعظم عمران خان نے بھی بھارتی ہم منصب کو جوابی خط لکھا ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق خط میں وزیر اعظم عمران خان نے پاک بھارت تنازعات پر باضابطہ مذاکرات شروع کرنے پر زور دیا ہے،انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ بات چیت کا آغاز کریں اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائنز پر وزرائے خارجہ مذاکرات کریں۔

وزیراعظم عمران خان کے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات بلاشبہ ناقابل تردید چینجلز کا شکار ہیں تاہم پاکستان دہشت گردی کے معاملے پر بھی یقینی طور پر بات کرنے کو تیار ہے۔عمران خان نے خط میں کہا کہ مسئلہ کشمیر سمیت سرکریک اور سیاچن کے تنازعات کا حل تلاش کرنا ہوگا، پاکستان اور بھارت کو اپنے عوام اور آنے والی نسلوں کی بہتری اور امن کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

اس سے قبل بھارتی اخبار ‘ٹائمز آف انڈیا’ کا اپنی رپورٹ میں کہنا تھا کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نریندر مودی کو خط بھیجا ہے،جس میں وزیراعظم عمران خان نے دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل حل کریں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ