ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی نرگس نے تاریخ ساز کامیابی کو والدین اور کوچز کے نام کر دیا

84

راولپنڈی (جسارت نیوز) ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی نرگس نے تاریخ ساز کامیابی کو اپنے والدین اور کوچز کے نام کر دیا۔ ایشیئن گیمز کراٹے مقابلوں میں ملکی تاریخ میں پہلی بار میڈل حاصل کرنا کسی خواب سے کم نہیں۔سرکاری خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے کراٹے پلیئر نرگس نے کہا کہ اگر انہیں بین الاقوامی معیار کی سہولیات اور ٹریننگ ملتی تو وہ طلائی تمغہ کیلئے مقابلہ کرتیں۔ کم وقت اور نامساعد حالات میں وکٹری سٹینڈ تک رسائی مشکل مرحلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ٹیلنٹ میں کسی سے کم نہیں اور عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں مگر وسائل اور بین الاقوامی مقابلوں میں کم شرکت کی وجہ سے ہماری پوزیشن وہ نہیں جو ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میرے کوچ شاہ محمد شان نے میری بھرپور رہنمائی کی اور ہر موقع پر حوصلہ افزائی کی، نرگس نے ایشین گیمز میں کامیابی کو والدین کی دعاؤں اور کوچ کی محنت کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کراٹے فیڈریشن کے چیئرمین محمد جہانگیر، سیکرٹری عندلیب سندھو، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، سپورٹس بورڈ، بلوچستان حکومت اور کور کمانڈر سدرن کمانڈ عاصم باجوہ کی دل سے مشکور ہیں جنہوں نے کامیابی پر بھرپور حوصلہ افزائی کی اور انعامات سے نوازا، نرگس نے وفاقی حکومت سے اپیل کی وہ انکی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرے تاکہ آئندہ اولمپکس گیمز کیلئے کوالیفائی کر سکیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ