امارات: ریٹائرڈ غیر ملکیوں کو 5سال رہایش کی اجازت

130
ابوظبی: نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم کابینہ کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
ابوظبی: نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم کابینہ کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

ابوظبی (انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے 55 برس سے زائد عمر کے ریٹائرڈ غیر ملکی تارکین وطن کو خصوصی حالات میں 5 سال کے لیے قابل تجدید رہایشی ویزا دینے کے قانون کی منظوری دیدی ہے۔ اس قانون پر 2019ء سے عمل کیا جائے گا اور اس طویل مدتی ویزے کے لیے 20 لاکھ درہم کی جائیداد میں سرمایہ کاری، یا 10 لاکھ درہم سے زائد کی بچت یا پھر 20 ہزار درہم سے زائد کی ماہانہ آمدن کی شرائط رکھی گئی ہیں۔ کابینہ کے اجلاس کی صدارت نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کی۔ اس دوران مزید اہم فیصلے کیے گئے جن میں صنعتی شعبے کوسہارا دینے کے لیے ایک قرارداد کی منظوری بھی شامل ہے۔ جس کے تحت بڑی، درمیانے درجے اور چھوٹی فیکٹریوں کے لیے بجلی کے استعمال کی فیس میں کمی متعارف کی گئی ہے۔ شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ آج ہم نے صنعتی شعبے کی ترقی کے لیے ایک پروگرام کا آغاز کیا ہے، ہم متحدہ عرب امارات کو عالمی نقشے پر سرمایہ کاری کی ایک پرکشش منزل کے طور پر متعارف کرانے کا عہد کیا ہے جو پائیدار ترقی کے مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم مختلف سرکاری اداروں کے درمیان تعاون کے ذریعے ایک پائیدار صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ ہمارا مقصد سبز معیشت کے لیے ایک مضبوط ماڈل کا قیام ہے تاکہ مستقبل کی نسلوں کے لیے اپنے ماحول کو محفوظ بنایا جاسکے۔ اس پروگرام کے تحت صنعتی شعبے کے لیے بجلی کے استعمال کے ٹیرف کم کیے جائیں گے جس پر عمل اس سال کی آخری سہ ماہی میں کیا جائے گا اور مائع ایندھن جیسے غیر ماحول دوست وسائل پر انحصار کم کر کے پائیدارترقی کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔ بڑی فیکٹریوں کی مدد کے لیے بجلی کے استعمال کے اخراجات میں 29 فیصد تک کمی لائی جائے گی، جبکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی فیکٹریوں کے لیے چارجز میں 10 فیصد سے 22 فی صد کمی کی جائے گی۔ نئی فیکٹریوں کے لیے سروس کنکشن فیس ختم کر دی گئی ہے۔ کابینہ نے ایک دن کی عدالت کے نظام کو شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے تاکہ کمیونٹی کو تیز ترین اورموثر خدمات فراہم کی جاسکیں۔ ایک دن کی عدالت میں معمولی فوجداری مقدامات کو نمٹایا جائے گا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ