دہشتگردی میں ملوث جسمم کے کارندے سمیت 4گرفتار

73

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس نے 3 مختلف کارروائیوں میں دہشت گردی میں ملوث جئے متحدہ محاذشفیع برفت گروہ کے کارندے ،بنگلوں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملو ث 4ملزمان کو گرفتار کر لیا۔جسمم کے کارندے سی پیک منصوبے کو سبو تاژکر نے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ، ملزمان کو بین الاقوامی ملک دشمن عناصر کی جانب سے ٹاسک دیا جاتا ہے ،بنگلوں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزم اور آرام باغ سے 2 اسٹریٹ کرمنلز پکڑلیے،مسروقہ سامان برآمدکرلیا۔ مئیر کراچی اور سرکاری گاڑیوں کی چوری اور چھینا جھپٹی میں ملوث گروہ کا تعلق اندرون سندھ سے ہے، یہ گروہ کراچی آتا ہے اور واردات کے بعد اندرون سندھ فرار ہوجاتاہے، اس گروہ کی نشاندہی ہوچکی ہے بہت جلد گرفتار کر لیا جائے گا، یہ بات ایس ایس پی ساؤتھ شاہد عمر حامد نے ہفتہ کو گذری تھانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیفنس تھانے کی پولیس پارٹی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی میں ملو ث ملزم دلدار عرف دیشی ولد محمود علی جونیجو کو گرفتا رکر لیا ، ملزم کے قبضے سے ایک ہینڈ گرنیڈ ایک عدد ایم پی فائیو رائفل ، 30بور پستول اور ایک عدد موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس کا تعلق ملک دشمن کالعدم تنظیم جسمم سے 2014ء سے ہے اور وہ جسمم کے شفیع برفت گروپ کے لیے کام کر تا ہے ، سال 2014ء میں اس نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر 4عدد بال بم تیار کیے تھے ، اور یہ بال زم زمہ ڈیفنس ، سمامہ شاپنگ سینٹر گلستان جوہر ، صدر اور صفورہ چورنگی پر پھینکے تھے ،جس سے ہماری تنظیم کا مقصد تھا کہ عوام میں خوف وہراس پھیلا یا جائے۔ ایس ایس پی عمر شاہد حامد کا کہنا تھا کہ ایک دوسری کارروائی کے دوران ساحل تھانے کی پولیس پارٹی نے بنگلوں میں ڈکیتی کی واراداتوں میں ملوث ملزم معید خٹک ولد نثار خٹک کو گرفتار کرلیا ، ملزم جیل خانہ جات کا ملازم ہے اور جیل میں جرائم پیشہ افراد کا گروہ بنا کر شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں کی منصوبہ بندی کر تاہے ۔ایس ایس پی ساؤتھ عمر شاہد حامد نے کہا کہ ایک تیسری کارروائی کے دوران آرام باغ تھانے کی حدود میں 2 اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان ناظر حسین ولد ادریس اور محمد اکبر ولد محمد رفیق کو گرفتار کر لیا۔ ملزما ن کے قبضے سے ایک عدد موٹر سائیکل ، 7عدد موبائل فون ، 4عدد آئی فون اور نقد رقم برآمد ہوئی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ