انڈس اسپتال نے آوارہ کتوں کو ویکسین دینا شروع کردی

53

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انڈس اسپتال نے شہریوں کو سگ گزیدگی سے بچانے کے لیے کتوں کو ویکسین لگانا شروع کر دی ہے۔ جمعہ کو قائد آباد میں 17 کتوں کو ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی جب کہ6 متاثرہ کتوں کو آسان موت دینے کے لیے انڈس اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ انڈس اسپتال کے شعبہ انفیکشیئس ڈیزیز کی سربراہ ڈاکٹر نسیم صلاح الدین کے مطابق دو ہفتہ قبل قائد آباد میں ایک کتے نے 15 بچوں کو بری طرح کاٹ لیا تھا جنہیں انڈس اسپتال لایا گیا اور طبی امداد دی گئی۔ ان تمام بچوں کا مکمل علاج کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں ریبیز سے محفوظ رکھا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ جس کتے نے بچوں کو کاٹا تھا اسے ریبیز کی بیماری تھی۔ بعد ازاں اس نے6 دیگر کتوں کو بھی کاٹا جس سے بیماری ان میں بھی منتقل ہوئی۔ انڈس اسپتال کی ٹیم نے جمعہ کو قائد آباد کا دورہ کیا۔ بچوں کے والدین سے ملاقات کی اور انہیں بیماری سے محفوظ رہنے سے متعلق آگہی دی۔ اس موقع پر ٹیم نے 17 کتوں کو ویکسین لگائی جب کہ متاثرہ 6 کتوں کو انڈس اسپتال لایا گیا جہاں انہیں آسان موت دی جائے گی کیوں کہ ان کتوں میں وائرس منتقل ہو گیا ہے اور اب ان کا کوئی علاج نہیں کیا جا سکتا۔ اگر یہ کتے کسی کو کاٹ لیں اور اسے ویکسین نہ لگائی جائے تو ایسے افراد کو ریبیز کی بیماری ہو جائے گی جس سے100 فی صد موت واقع ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈس اسپتال کے تحت ریبیز فری کراچی مہم شروع کی گئی ہے جس کے تحت اب تک درجنوں کتوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے اب اس مہم کو توسیع دی جائے گی اور پورے شہر میں کتوں کی ویکسی نیشن کی جائے گی تاکہ شہری ان کے کاٹے اور بیماری کے منتقل ہونے سے محفوظ رہ سکیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ