صحافی تنظیمیں مسائل کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر متفق

52

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کی تمام صحافی تنظیموں کا مشترکہ اجلاس۔ گزشتہ روز سیکرٹری کراچی پریس کلب کی دعوت پر پریس کلب میں منعقد ہوا جس میں میڈیا ہاؤسز میں میڈیا ورکرز کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہارکرتے ہوئے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں صدر کراچی پریس کلب احمد خان ملک، سیکرٹری مقصودیوسفی ، صدر کراچی یونین آف جرنلسٹس حسن عباس، صدر کے یو جے
دستور طارق ابولحسن، صدر کے یو جے فہیم صدیقی، جنرل سیکرٹری کے یو جے دستور حامدالرحمن، جنرل سیکرٹری کے یو جے عاجزجمالی، جوائنٹ سیکرٹری کراچی پریس کلب نعمت خان اور سیکرٹری پریس کمیٹی کراچی پریس کلب منیرعقیل انصاری نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف میڈیا ہاؤسز سے رائٹ اور ڈاؤن سائزنگ کے نام پر میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں، تنخواہوں کی عدم اور تاخیر سے ادائیگی، میڈیا ہاؤسز کو سرکاری اشتہارات کی بندش اور واجبات کی ادائیگی اور کاغذ کی قیمتوں میں اضافے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی سمیت ملک بھر کے صحافیوں کو مالکان کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا اور صحافیوں کے حقوق کے لیے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ذمے داران اور میڈیا مالکان سے مشترکہ ملاقاتیں کی جائیں گی تاکہ انہیں یہ پیغام دیا جاسکے کہ صحافیوں کے حقوق کے لیے سب ایک ہیں اور ایک پلیٹ فارم پر مشترکہ جدوجہد کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ میڈیا ورکرز کے حقوق کے لیے عدالتوں کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا جائے گا۔ اجلاس میں تمام صحافتی تنظیموں کے نمائندہ افراد پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے کنوینر سیکرٹری کراچی پریس کلب مقصود یوسفی ہوں گے جبکہ اراکین میں احمد خان ملک، حسن عباس، طارق ابولحسن، فہیم صدیقی، حامد الرحمن، عاجزجمالی اور ناصر محمود شامل ہیں۔ اجلاس میں جوائنٹ سیکرٹری کراچی پریس کلب نعمت خان جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا۔
صحافی تنظیمیں

Print Friendly, PDF & Email
حصہ