رواں برس 520 افغان مہاجر یورپ بدر کیے گئے

35

کابل(انٹرنیشنل ڈیسک) افغانستان کے وزیر برائے مہاجرین سعید حسین عالمی بلخی کے مطابق 2018ء کے دوران 520افغان مہاجرین یورپ بدر کیے گئے۔ اگریہ سلسلہ یونہی جاری رہا تو یہ تعداد800تک پہنچ سکتی ہے۔سعید حسین نے بتایا ہے کہ رواں برس ایک ہزار 500 افغان تارکین وطن رضاکارانہ طور پر وطن واپس آئے ہیں۔ وہ افغان پناہ گزیں، جن کی یورپ میں پناہ کی درخواستیں مسترد ہوچکی تھی، ان میں سے رواں برس 520 افراد کو افغانستان واپس بھیجا جا چکا ہے۔ بدھ کے روز جرمنی سے 17افغان مہاجرین کو ملک بدر کیا گیا تھا۔ جرمنی سے افغان پناہ گزینوں کو واپس بھیجے جانے کے معاملے پر مہاجرین کے حقوق کی تنظیموں کی جانب سے سخت تنقید کی جاتی ہے۔ ان تنظیموں کا کہنا ہے کہ افغانستان محفوظ ملک نہیں ہے ، کیوں کہ وہاں داعش اور طالبان کی جانب سے حملے مسلسل جاری ہیں۔ واضح رہے 2016ء کے دسمبر سے اب تک جرمنی سے افغان تارکین وطن کے 16 گروپ واپس افغانستان بھیجے جا چکے ہیں۔
عراق: اسپیکر پارلیمان کانتخاب سیاسی تعطل کا خاتمہ ہوگیا
بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراقی پارلیمان نے محمد ریکان حلبوسی کو نیا اسپیکر منتخب کر لیا جس کے بعد 12مئی کے عام انتخابات کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کے لیے جاری سیاسی تعطل کے خاتمے کی راہ بھی ہموار ہوگئی ہے۔ 39 سالہ محمد حلبوسی اگست 2017ء میں مغربی صوبہ الانبار کے گورنر منتخب ہوئے تھے، لیکن انہوں نے 3ستمبر کو پارلیمان کے رکن کی حیثیت حلف برداری کے بعد یہ عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ پارلیمان کے اجلاس میں 2 ڈپٹی اسپیکروں اور پھر وزیراعظم کا انتخاب کیا جائے گا توقع ہے کہ وزیراعظم عبادی کے سیاسی مخالفین ان کے بغیر نئی حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ