بین الاقوامی میڈیا سی پیک کیخلاف پروپیگنڈا کررہا ہے، چینی سفارتکار

31

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں چینی سفارتکار چیف ژاؤ لی جیان نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کے خلاف بین الاقوامی میڈیا کی خبریں من گھڑت ہیں، جھوٹے واویلا کو پاکستانی حکومت بھی مسترد کر چکی ہے، سی پیک منصوبے پر پورے زور و شور سے کام جاری ہے، توانائی، انفراسٹرکچر، گوادر اور ملک میں اقتصادی زونز پر کام ہو رہا ہے، توانائی کے منصوبوں کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔جمعہ کو ساہیوال کول پاور پلانٹ کے دورے کے موقع پر پاکستانی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت
کرتے ہوئے ژاؤ لی جیان نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت پاکستان میں توانائی کے بحران کے خاتمے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ کی دونوں یونٹوں سے پیداواری عمل کے آغاز کے بعد 1320 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ کو فراہم کی جا رہی ہے۔ اس پاور پلانٹ کے 2 یونٹ ہیں اور دونوں یونٹ بھرپور انداز سے قومی گرڈ کو بجلی فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ کو 22 مہینوں میں مکمل کیا، یہ ایک ورلڈ ریکارڈ منصوبہ ہے جسے چینی و پاکستانی انجینئروں نے پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ پلانٹ کے سی ای او سانگ ساجی نے بتایا کہ اس پاور پلانٹ سے 9 ارب کلو واٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ