تیاریاں مکمل ‘ایشیا کپ کا آغاز آج سے ہوگا 

212
دبئی : ایشیا کپ ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر پاکستان ‘بھارت ‘سری لنکا ‘بنگلادیش ‘افغانستان اور ہانگ کانگ کے کپتان کا لیاگیا گروپ فوٹو
دبئی : ایشیا کپ ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر پاکستان ‘بھارت ‘سری لنکا ‘بنگلادیش ‘افغانستان اور ہانگ کانگ کے کپتان کا لیاگیا گروپ فوٹو

دبئی(جسارت نیوز) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2018ء آج سے یو اے ای میں شروع ہوگا، ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ پاکستان ٹیم ایونٹ میں شرکت کیلئے سرفراز احمد کی قیادت میں پہلے ہی دبئی میں موجود ہے اور پریکٹس سیشن میں مصروف رہی، ٹورنامنٹ 28 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ پاکستانی ٹیم کل ہانگ کانگ کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی، گرین شرٹس کو 19 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کا چیلنج درپیش ہو گا۔ ایشیا کپ کیلیے پاکستان ٹیم سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، بابراعظم، آصف علی، امام الحق، شعیب ملک، شان مسعود، حارث سہیل، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، شاداب خان، محمد نواز، جنید خان، عثمان شنواری اور شاہین آفریدی پر مشتمل ہے جبکہ مکی آرتھر ٹیم کے ہیڈ کوچ اور طلعت علی مینجر ہیں۔ پاکستانی ٹیم دبئی پہنچنے کے بعد مسلسل 3 دن پریکٹس میں مصروف رہی اور پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ کل ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی۔ اس سے قبل آخری مرتبہ ایشیا کپ ٹورنامنٹ 2014ء میں کھیلا گیا تھا جس میں سری لنکا نے ٹرافی جیتی تھی تب آئی لینڈرز ٹیم کے کپتان انجیلو میتھیوز تھے۔ سری لنکا کی ٹیم ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کریگی۔ افتتاحی میچ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے مابین کھیلا جائیگا ،جو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے شروع ہوگا۔ ایونٹ میں کل 6 ٹیمیں شریک ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے،ایونٹ میں پہلی مرتبہ سپر فور مرحلے کو متعارف کرایا گیا ہے جس میں دونوں گروپ کی ابتدائی 2بہترین ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی اور اس مرحلے میں ہر ٹیم کل3میچ کھیلے گی تاہم سپر فور کی2بہترین ٹیمیں دبئی میں 28ستمبر کو فائنل میں ٹکرائیں گی۔ٹورنامنٹ کے تمام میچز دبئی انٹرنیشنل اسپورٹس سٹی اور شیخ زید اسٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان نے براہ راست ایونٹ میں جگہ بنائی تھی جبکہ ہانگ کانگ کی ٹیم کوالیفائنگ ایونٹ جیت کر ایونٹ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ۔ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان، بھارت اور ہانگ کانگ کی ٹیم کو گروپ اے، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے، ہر گروپ سے2 ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جہاں پر چاروں ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہوں گی اور 2 ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔ 15ستمبر کو افتتاحی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ بنگلا دیش سے ہو گا، پاکستانی ٹیم 16ستمبر کو ہانگ کانگ ٹیم کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی، گرین شرٹس 19ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے آمنے سامنے ہوں گے، سپر فور مرحلے کے میچز 21 سے 26 ستمبر تک کھیلے جائیں گے، 2 ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 28ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ کا انعقاد ہر 2 سال بعد ہوتا ہے اور گزشتہ 5 ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں سری لنکا اور بھارت نے 2،2 اور پاکستان نے ایک ایونٹ اپنے نام کیا۔پاکستان نے 2008میں ایشیا کپ کی میزبانی کی اور ٹرافی سری لنکا کے نام رہی جب کہ 2010میں سری لنکا نے میزبانی کی اور بھارت فاتح رہا۔2012میں اس کے بعد مسلسل 2 مرتبہ بنگلادیش نے ایونٹ کی میزبانی کی، 2012میں پاکستان نے ٹرافی اپنے نام کی جب کہ 2014 میں سری لنکا اور 2016میں بھارت فاتح قرار پایا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ