ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کو اسپن بولنگ مسائل کا سامنا

35

دبئی(جسارت نیوز)ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے میلے میں اسپنرز ٹیموں کی امیدوں کا محور دکھائی دے رہے ہیں۔مستقل کپتان ویرات کوہلی کی جگہ بھارتی ٹیم کی قیادت کرنے والے روہت شرما کو اسپن بولنگ کے شعبے میں 4 اسپنرز کی خدمات حاصل ہیں جن میں اکسر پٹیل، کلدیپ یادیو، چاہل اور کیدھر یادیو شامل ہیں۔اینجلو میتھیوز کی سری لنکن ٹیم میں 36سالہ دلروان پریرا کی مدد امیلو افانسو کریں گے جبکہ فاسٹ بولر مشرقی مرتضی بنگلا دیش کے اسکواڈ میں تجربے کار شکیب الحسن کے ساتھ نظام السلام اور مہدی حسن کے ساتھ دبئی پہنچے ہیں۔2019 ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنے والی افغانستان کی ٹیم ایشیا کپ میں 4 اسپنرز کے ساتھ متحدہ عرب امارات پہنچی ہے۔افغان ٹیم کو آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود راشد خان، سمیع اللہ شنواری اور مجیب الرحمان کی خدمات حاصل ہیں۔ان تمام ٹیموں کے برعکس وکٹ کیپر سرفراز احمد کی قیادت میں کھیلنے والی ٹیم پاکستان کے اسپن بولنگ شعبے کا تمام دارومدار آل راؤنڈر لیگ اسپنر شاداب خان پر دکھائی دے رہا ہے۔22ون ڈے میچوں میں 25.60کی اوسط سے 33وکٹیں حاصل کرنے والے شاداب کی مدد کے لئے پاکستانی اسکواڈ کا حصہ محمد نواز خوش قسمت ہیں کہ آل راؤنڈر عماد وسیم فٹنس ٹیسٹ نہ پاس کر سکے اور 11ون ڈے میں 13وکٹیں لینے والے نواز سرفراز الیون کے اسکواڈ کا حصہ بن گئے۔تاہم کارکردگی میں عدم تسلسل کے باعث ٹیم مینجمنٹ محمد نواز پر ماضی میں تو کم ہی بھروسہ کرتی دکھائی دی ہے۔دوسری جانب 266 ون ڈے میں شعیب ملک کی 156 وکٹیں ماضی کی بات ہے، حالیہ عرصے میں سابق کپتان کی بولنگ میں عدم دلچسپی اور کپتان کا بولنگ کے لئے ان کی جانب نہ دیکھنا خلاصہ کر رہا ہے کہ شاداب خان ہی امیدوں کا محور ہوں گے۔
ایشیا کپ، سابق بھارتی کھلاڑی نے شعیب ملک کو بھارتی ٹیم کیلیے خطرہ قرار دیدیا
ممبئی(جسارت نیوز) بھارت کے سابق کھلاڑی لکشمن نے ایشیا کپ میں پاکستان کے شعیب ملک کو بھارتی ٹیم کیلیے خطرہ قرار دے دیا۔ سابق بھارتی کھلاڑی لکشمن نے کہا ہے کہ شعیب اس سے قبل بھی بھارت کیخلاف اچھا پرفارم کرچکے، انھیں اس کا تجربہ ہے جبکہ وہ اسپن بولنگ کو بھی عمدگی سے کھیل لیتے ہیں، مجھے محسوس ہوتا ہے کہ وہ اس ایونٹ میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ان میں اسٹرائیک بدلنے، گیند کو باؤنڈری کے باہر اچھالنے اور آسان سنگلز لینے کی صلاحیت موجود ہے۔
ورلڈ کپ 2019،25 لاکھ شائقین نے ٹکٹ کیلیے درخواست دیدی
لندن(جسارت نیوز)انٹرنیشنل کر کٹ کونسل ورلڈ کپ 2019کیلئے 148ممالک سے 25لاکھ شائقین نے آن لائن ٹکٹ کی درخواست دے دی، پاک بھارت میچ دیکھنے کے خواہشمند کرکٹ دیوانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کیلئے 148 ممالک کے 25 لاکھ شائقین نے آن لائن ٹکٹ کیلئے درخواست دے دی۔ 16جون کو پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ قرعہ اندازی کے ذریعے ٹکٹیں ملیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ