نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلیے صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد ضروری ہے،ذکراللہ مجاہد

35

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جے آئی یوتھ نوجوانوں کو ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے متحرک کرے گی اور آئندہ بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی باصلاحیت اور پڑھی لکھی نوجوان قیادت کو آگے لائے گی ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں پنجاب یوتھ کنونشن کی تیاریوں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں صدر جے آئی یوتھ شاہد نوید ملک ، ڈپٹی سیکرٹری جے آئی یوتھ لاہور حسن جٹ ، نائب امیر جے آئی یوتھ لاہور محمد عبداللہ ، امیر علاقہ شمالی جے آئی یوتھ حافظ انعام ودیگر ذمے داران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں امیر لاہور نے جے آئی یوتھ لاہور کے ذمے داران کو ہدایت کی کہ وہ لاہور کی تعمیر و ترقی ، نوجوانوں کے مسائل کے حل اور ان کے لیے مثبت صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو منظم کر کے مثبت صحت مند سرگر میاں فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ شہر لاہور کے نوجوانوں کو منشیات ، جرائم اور بے مقصدیت سے بچایا جا سکے ۔ گزشتہ سال جے آئی یوتھ لاہور نے لاہور چیلنج کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کر کے شہر کے نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرامی فراہم کی تھی ۔ آئندہ بھی اس ٹورنامنٹ کا تسلسل جاری رہنا چاہیے ۔ اس موقع پر صدر جے آئی یوتھ لاہور شاہد نوید ملک نے کہا کہ ملک و قوم کا اصل سرمایہ نوجوان ہیں جن کو مایوسی اور تاریکی سے نکالنے کی ضرورت ہے ۔ بدقسمتی سے نوجوانوں کو حکومتی سطح پر یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے اور ان کی صحت و تعلیم کے ساتھ ساتھ مثبت سرگرمیوں میں نوجوانوں کی ضروریات کو پور کرنے کا اہتمام نہیں کیا جارہا ہے ۔ اجلاس میں شاید نوید ملک نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ لاہور کے نوجوانوں کے لیے مثبت اور تعمیری سرگرمیاں جاری رکھیں ۔ شہر کے نوجوان کو جماعت اسلامی اور سراج الحق کی قیادت میں منظم کرنے کیلیے تمام کوششوں کو بروئے کار لائیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ