صرف جمہوریت ہی مضبوط وخوشحال پاکستان کی ضمانت ہے‘ بلاول

57

کراچی ( اسٹا ف رپورٹر )پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ فقط جمہوریت ہی مضبوط و خوشحال وفاقی پاکستان کی ضمانت ہے۔ آج منائے جانے والے عالمی یومِ جمہوریت کی مناسبت سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت انسانی تاریخ کا نچوڑ اور بہترین طرزِ حکمرانی ہونے کے باوجود تاحال دنیا میں اور خصوصاً تیسری دنیا کے ممالک میں عوام دشمن قوتوں کے مقابلے میں کمزور ہے لیکن تاریخ کا ماحاصل یہی ہے کہ آخری فتح عوام کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے، جمہوریت کی خاطر عظیم جدوجہد اور قربانیاں دیں ہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت اور عوام کے لیے چیلنجز و مشکلات ختم نہیں ہوئیں اور ایک مضبوط جمہوری نظام و انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے لیے ابھی طویل سفر باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر چیلنجز کے علاوہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کو پاکستان سمیت پوری دنیا میں جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دیا اور کہا کہ مْٹھی بھر عوام دشمن قوتیں دنیا میں امن اور ترقی نہیں چاہتیں کیونکہ وہ ان کے لیے ابدی موت ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریے اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن کی روشنی میں پاکستان کو وفاقی جمہوری مسلم رول ماڈل ریاست بنانے کے لیے سرگرم رہے گی اور اپنی شہید قیادت کی طرح اس راہ میں کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.