شاہ محمود قریشی افغانستان کے دورے پر آج روانہ ہونگے

73

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی آج ہفتے کو ایک روزہ دورے پر کابل روانہ ہوں گے۔ذرائع کے مطابق دورے کے دوران افغان وزارت خارجہ میں پاکستانی اور افغان حکام کے درمیان وفود کی سطح پرمذاکرات ہوں گے جبکہ دوطرفہ تجارتی امور اور پاک افغان ایکشن پلان فارپیس اینڈ اسٹیبلیٹی پر بھی بات ہوگی۔مذاکرات میں جلال آباد قونصل خانے کی بندش کا معاملہ بھی زیرغور لایا
جائے گا جبکہ خطے سے دہشت گردی کے خاتمے اور افغان مسئلے کے مستقل حل پر بات چیت ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات میں سرحد پار دہشت گردی اور بارڈر مینجمنٹ پر بات چیت کی جائے گی۔دورے کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی افغان چیف ایگزیکٹوعبداللہ عبداللہ سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ وزیرخارجہ کی افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات طے ہے۔وزیرخارجہ نے حلف کے بعد سب سے پہلے افغانستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔افغان وزیرخارجہ صلاح الدین ربانی نے بھی پاکستانی ہم منصب کو دورے کی دعوت دی تھی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ