میڈیا سے متعلق نیا جامع قانون لائیں گے، مرتضیٰ وہاب

165
کراچی: مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب سی پی این ای کے زیراہتمام میٹ دی ایڈیٹرز سے خطاب کررہے ہیں
کراچی: مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب سی پی این ای کے زیراہتمام میٹ دی ایڈیٹرز سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے مشیر اطلاعات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ محکمہ اطلاعات میں بہتری اور اس سلسلے میں اخبارات و جرائد کے ساتھ بھرپور تعاون اور مؤثر رابطہ کاری کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ سندھ میں اشتہاری پالیسی سمیت میڈیا سے متعلق نیا جامع قانون بنایا جائے گا اور اس قانون سازی میں سی پی این ای سے بھرپور مشاورت کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے زیر اہتمام ’’میٹ دی ایڈیٹرز‘‘ پروگرام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے سندھ میں 60 چھوٹے ڈیم بنائے ہیں اور مزید 21 پر کام جاری ہے، میڈیا سندھ حکومت کی کارکردگی اور مثبت پہلو اجاگر کرے۔صحت سے متعلق سندھ بھر میں سرکاری اسپتالوں میں نئی عمارتیں بنائی گئی ہیں اور جدید ترین مشینیوں سے غریب افراد کا علاج و معالجہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی آئی قانون میں جو کچھ کہا گیا ہے اس پر عملدرآمد کراتے ہوئے میڈیا کمیشن کو فعال بنا کر دوں گا،میڈیا کو بھی عوامی آگاہی مہم میں حکومت کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا ۔قبل ازیں سی پی این ای کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے اخبارات کے مدیران، صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کے درپیش مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ آزادی صحافت ، آزادی اظہار رائے اور اختلاف رائے جیسے بنیادی آئینی حقوق کی پاسداری اور اخبارات کی آزادانہ ترسیل کے لیے مناسب اقدامات اٹھائے جائیں، سندھ اسمبلی سے منظور شدہ ’’رائٹ ٹو انفارمیشن‘‘ قانون پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے انفارمیشن کمیشن کو فعال کیا جائے، اخبارات و جرائد کو اشتہارات کی منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف تقسیم کو یقینی بناتے ہوئے جاری شدہ اشتہارات کی فہرست اور ادائیگیوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر آویزاں کی جائیں۔ مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سی پی این ای کے اراکین کو تمام مطالبات جلد حل کرنے کی بھرپور یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات سندھ کی ویب سائیٹ کو بھی فعال کیا جائے گا ۔تقریب میں سی پی این ای کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک، سابق سیکرٹری جنرل اعجازالحق، سیکرٹری فنانس حامد حسین عابدی، سیکرٹری اطلاعات عدنان ملک، سینئر اراکین قاضی اسد عابد، عارف بلوچ، غلام نبی چانڈیو، طاہر نجمی، سعید خاور، عبدالخالق علی، مظفر اعجاز، مقصود یوسفی، محمد طاہر، شبیر چودھری سمیت کثیر تعداد میں صحافیوں نے شرکت کی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ