انٹر نتائج گورنمنٹ کالج پہلی‘ عثمان پبلک دوسری اوربحریہ کالج کی طالبہ نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی 

348
انٹر پری میڈیکل میں پوزیشن ہولڈر طلبہ وطالبات کا چیئرمین بورڈ کے ساتھ گروپ فوٹو
انٹر پری میڈیکل میں پوزیشن ہولڈر طلبہ وطالبات کا چیئرمین بورڈ کے ساتھ گروپ فوٹو

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ سال دوم سائنس پری میڈیکل اور میڈیکل ٹیکنالوجی گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2018ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے، چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر انعام احمد نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پری میڈیکل گروپ میں نہ صرف پہلی تینوں پوزیشنیں طالبات نے حاصل کیں بلکہ پہلی6 پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں صرف ایک طالب علم ہے ۔نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے ناظم امتحانات عظیم احمد نے کہا کہ سائنس پری میڈیکل کے سالانہ امتحانات 2018ء میں پہلی پوزیشن بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن کی حسنیٰ عادل بنت عادل خان ملک رول نمبر 821324نے 1100 میں سے 993نمبرزاے ون گریڈ لے کر حاصل کی، اسی کالج کی زہرہ انس بنت محمد انس رول نمبر 821570 اور عثمان پبلک اسکول کیمپس ون سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری اسکول کی خدیجہ اشرف بنت محمد اشرف بھٹی رول نمبر 817074 نے 988 نمبرز اے ون گریڈ لے کر مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن جبکہ بحریہ کالج ایم ٹی خان روڈ کی آمنہ سعید بنت سعید احمد رول نمبر 809905 نے 987 نمبرز اے ون گریڈ لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔انہوں نے بتایا کہ پری میڈیکل گروپ میں 23355 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 22930 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 12362امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 53.91فیصد رہا، کامیاب ہونے والے طلباء میں سے 1415 اے ون گریڈ، 3191 اے گریڈ، 3378 بی گریڈ، 3037 سی گریڈ، 1287 ڈی گریڈ جبکہ 54امیدوار ای گریڈ میں کامیاب قرار پائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میڈیکل ٹیکنالوجی کے امتحانات میں 9امیدوار شریک ہوئے جس میں سے 5امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 55.56 فیصد رہا، کامیاب ہونے والے پانچ امیدواروں میں سے ایک اے گریڈ، 2بی گریڈ اور 2امیدوار سی گریڈ میں کامیاب ہوئے۔علاوہ ازیں انٹرمیڈیٹ سال دوم سائنس پری میڈیکل اور میڈیکل ٹیکنالوجی گروپس کے نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk کے علاوہ ایس ایم ایس کے ذریعہ بھی معلوم کیے جاسکتے ہیں، طلباء نتائج معلوم کرنے کیلئے BIEK لکھ کر space دیں پھر اپنا رول نمبر لکھیں اور 8583 پر بھیج دیں۔

829 طلبہ کے نتائج روک لیے گئے
کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ا نٹرمیڈیٹ سال دوم سائنس پری میڈیکل کے سالانہ امتحانات برائے 2018ء میں829طلبہ کے نتائج مختلف وجوہات کی بنا ء پر روک لئے گئے۔ پری میڈیکل کے سالانہ امتحانات 2018ء کے نتائج کے مطابق 332طلبہ نقل اور دیگر ذرائع استعمال کرنے پر پکڑے گئے تھے اِن کے نتائج کو روک کر انفیئر مینس کمیٹی کے سپر د کردیا گیا ہے جب تک بورڈ آف گورنرز اس پر کوئی اپنا فیصلہ نہیں دیں گے اُس وقت تک اِن کے نتائج کا اعلان نہیں کیا جائے گاجبکہ 487طلبہ کے نتائج انٹر میڈیٹ بورڈ کو کمپیوٹرائزڈ انرولمنٹ کارڈ کی عدم فراہمی کے باعث روکے گئے ہیں ۔ 9امیدواروں کے نتائج انرولمنٹ کارڈ کی عدم تجدید کے باعث روکے گئے اور ایک امیدوار کا نتیجہ بین الصوبائی بورڈ سے دستاویزات کی تصدیق نہ ہونے کے باعث روکا گیا۔

اسماسفیر کی عثمان پبلک کی طالبہ کو دوسری پوزیشن حاصل کر نے پر مبارکباد
کراچی(نمائندہ جسارت) جماعتِ اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی ناظمہ اسماسفیر نے عثمان پبلک ہائر سیکنڈری اسکول کیمپس 1کی طالبہ خدیجہ اشرف کے انٹر پری میڈیکل کراچی بورڈ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستانی طلبہ و طالبات کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرانے کے لیے عثمان پبلک اسکول سسٹم کا کردار مثالی ہے ۔ ہم فخر کرتے ہیں کہ ہمارے اداروں میں پڑھنے والے طالبعلم نا صرف اچھے مسلمان ہیں بلکہ بہترین پاکستانی بھی ثابت ہوتے ہیں۔

چوتھی پوزیشن عثمان پبلک کی طالبہ عرفہ کامران کے نام رہی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ سال دوم سائنس پری میڈیکل میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ عرفہ کامران کا کہنا تھا کہ اس کامیابی کے پیچھے میرے والدین ،اساتذہ شامل ہیں اور خاص طور پر امیرے اسکول( عثمان پبلک اسکول سسٹم) کے اساتذہ جنہوں نے تعلیمی بنیاد مضبوط کی جس کی وجہ سے میں آج یہ کامیابی حاصل کرسکی۔نصاب کے حوالے سے کہنا تھا کہ اس نصاب میں جدت کی ضرورت ہے۔تعلیمی اداروں میں کلاسز نہ ہونے کے باعث اکثر طالبات کوچنگ سینٹر کا رخ کرتی ہے اگر ہمارے کالجوں میں کلاسز کا آغاز کردیا جائے تو کوئی بھی طالبعلم کوچنگ سینٹر نہیں جا ئے گا۔

10ہزارسے زاید طلبہ فیل ہوگئے
کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ا نٹرمیڈیٹ سال دوم سائنس پری میڈیکل کے سالانہ امتحانات برائے 2018ء میں10ہزارسے زائد طلبہ فیل ہوگئے، 2ہزار سے زاید طلبا اور 8187 طالبات پرچہ جات میں ناکام ہوئیں ۔ تفصیلات کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت پری میڈیکل کے سالانہ امتحانات 2018ء کے نتائج کے مطابق فیل ہونے والے طلبہ کا تناسب.09 46فیصد رہا مجموعی طور پر 10568طلبہ مختلف پرچہ جات میں فیل قرار پائے جن میں 2381طلباء فیل ہوئے جن کا فیل ہونے کا تناسب 56.38فیصد رہا جبکہ 8187طالبات پرچہ جات میں ناکام قرار پائیں فیل ہونے کا تناسب 43.47فیصد رہا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ