ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا میلہ ا کل سے دبئی میں سجے گا

45

دبئی (نمائندہ خصوصی) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کل سے دبئی میں شروع ہوگا، پاکستان ٹیم ایونٹ میں شرکت کیلئے سرفراز احمد کی قیادت میں پہلے ہی دبئی موجود ہے اور ان دنوں پریکٹس سیشن میں مصروف ہے، انتظار کی گھڑیاں ختم ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ شروع ہونے میں ایک روز باقی، ٹورنامنٹ کل سے دبئی میں شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ 28 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ پاکستانی ٹیم 16 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی، گرین شرٹس کو 19 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کا چیلنج درپیش ہو گا۔ ایشیا کپ کیلئے پاکستان ٹیم سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، بابراعظم، آصف علی، امام الحق، شعیب ملک، شان مسعود، حارث سہیل، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، شاداب خان، محمد نواز، جنید خان، عثمان شنواری اور شاہین آفریدی پر مشتمل ہے جبکہ مکی آرتھر ٹیم کے ہیڈ کوچ اور طلعت علی مینجر ہیں، پاکستان ٹیم کا پریکٹس سیشن میں آج آخری دن ہوگا، پاکستانی ٹیم نے دبئی پہنچنے کے بعد مسلسل 3 دن پریکٹس کی اور پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 16 ستمبر کو ہانک کانگ کے خلاف کھیلے گی۔ اس سے قبل آخری مرتبہ ایشیا کپ ٹورنامنٹ 2014ء میں کھیلا گیا تھا جس میں سری لنکا نے ٹرافی جیتی تھی ۔ آئی لینڈرز ٹیم کے کپتان انجیلو میتھیوز تھے۔ سری لنکا کی ٹیم ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کریگی۔ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کل سے 28 ستمبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا جس میں پہلی مرتبہ6 ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلا دیش اور افغانستان نے براہ راست ایونٹ میں جگہ بنائی تھی جبکہ ہانگ کانگ کی ٹیم کوالیفائنگ ایونٹ جیت کر ایونٹ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ۔ ٹیموں کو2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان، بھارت اور ہانگ کانگ کی ٹیم کو گروپ اے، بنگلا دیش، سری لنکا اور افغانستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے، ہر گروپ سے 2 ٹیمیں سپر 4 مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جہاں پر چاروں ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہوں گی اور2 ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔
کل افتتاحی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ بنگلادیش سے ہو گا، پاکستانی ٹیم 16 ستمبر کو ہانگ کانگ ٹیم کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی، گرین شرٹس 19 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے آمنے سامنے ہوں گے، سپر4 مرحلے کے میچز 21 سے 26 ستمبر تک کھیلے جائیں گے، 2 ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین 19ستمبر کو دبئی میں شیڈول ایشیا کپ کے میچ پر پاک بھارت سمیت پوری دنیا کے شائقین کرکٹ کی نظریں لگی ہوئی ہیں اور شائقین کی بہت بڑی تعداد یا تو گراؤنڈ میں جاکر یا پھر ٹی وی پر دونوں روایتی حریفوں کے مابین ہونے والے میچ کو دیکھنے کیلئے بے تابی سے انتظار کررہی ہے جبکہ ایشیئن کرکٹ کونسل نے بھی اس میچ کیلئے شائقین کی دلچسپی کو بھانپ لیا ہے اور میچ کے لئے ٹکٹیں آن لائن فروخت کی گئیں‘ متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایشیا کپ 2018ء میں پاکستان اور بھارت کا میچ 19 ستمبر کو دبئی میں شیڈول ہے جس کی ویب سائٹ پر دستیاب ٹکٹیں چند گھنٹوں میں ہی فروخت ہوگئیں۔ ایونٹ کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔ ایشیا کپ کا افتتاحی میچ بنگلا دیش اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یاد رہے کہ بھارت کو اب تک سب سے زیادہ 6 مرتبہ ایشیا کپ جیت چکا ہے ‘ بلوشرٹس نے 1984ء‘ 1988ء ‘ 1990-91ء ‘ 1995ء‘ 2010ء اور 2016ء میں یہ ٹائٹل اپنے نام کیا ‘ سری لنکا 5 مرتبہ 1966ء ‘1997ء ‘ 2004ء 2006ء اور 2014ء میں ایشیائی چیمپئن بن چکا ہے۔ پاکستان نے 2000ء اور 2012ء میں ایشیا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.