پی ایف ایف قومی انڈر15فٹبال چیمپئن شپ بلوچستان نے سندھ گرین کو 3-1سے مات دیدی

27

لاہور(جسارت نیوز) پی ایف ایف قومی انڈر15فٹبال چیمپئن شپ میں بلوچستان نے سندھ گرین کو 3-1سے مات دیدی،لاہور میں ایونٹ کے میچ میں بلوچستان نے ابتدا میں ہی عاطف کے گول کی بدولت برتری حاصل کرلی،پہلا ہاف ختم ہونے سے قبل نقیب نے بھی حریف کے دفاع میں شگاف ڈالتے ہوئے اسکور2-0کردیا،دوسرے ہاف میں سندھ گرین نے دفاعی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے قدرے زیادہ مزاحمت کی،کھیل کے 70ویں منٹ میں جنید نے گول داغ کر اپنی ٹیم کی برتری3-0کردی، آخری لمحات میں محمد صالح نے گول داغ کر سندھ گرین کا خسارہ کم کیا۔دوسرے میچ میں خیبرپختونخوا گرین اور سندھ کے مابین سخت کشکمش جاری رہی لیکن کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور مقابلہ برابری پر ختم ہوا۔ اسلام آباد اور پنجاب کی ٹیموں نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی فاٹا اور خیبر پختونخوا کا سفر تمام ہوگیا۔لاہور میں اس سے قبل ایونٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میں اسلام آباد نے فاٹا کو 2۔1سے زیر کیا۔ فاتح ٹیم کے ذیشان علی نے 27ویں منٹ میں گول داغ کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی،4منٹ بعد ہی فاٹا کی جانب سے نجیب اللہ نے ا سکور کرتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا،صرف 2منٹ بعد ہی اسلام آباد نے وارث کے گول کی بدولت دوبارہ برتری حاصل کرلی۔
دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں کے ڈیفینڈرز نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گول نہیں ہونے دیا، اسلام آباد کی ٹیم2-1سے فتح کیساتھ فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی۔دوسرے کوارٹر فائنل میں پنجاب نے یکطرفہ مقابلے میں خیبر پختونخوا کو3-0سے زیر کرلیا۔ فاتح ٹیم کا کھاتہ علی شاہ نے 15ویں منٹ میں کھولا،دوسرے ہاف میں شعیب نے 66ویں منٹ میں گول سے برتری دگنا کردی،میچ کے آخری لمحات میں حماد نے حریف کے ڈیفنڈرز کو چکمہ دیتے ہوئے اسکور3-0کردیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ