تعلیم کے بغیر دنیا کی کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی ‘حکیم عبدالحنان

59

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ہمدرد یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر اور ہمدرد لیبارٹریز (وقف) پاکستان کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ پروفیسر ڈاکٹر حکیم عبدالحنان نے کہا ہے کہ کسی بھی قوم کی ترقی کا راز اس کی تعلیم میں پنہاں ہے اس کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ وہ ہمدرد پبلک اسکول کے زیر اہتمام بیت الحکمہ آڈیٹوریم مدینۃ الحکمہ میں ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے امتحان میں امتیازی نمبرحاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں مدینۃ الحکمہ کی نائب صدر فاطمہ منیر احمد، ہمدرد یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین، اسکول کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر خالد نسیم، سیکنڈری سیکشن کی ہیڈمسٹریس شائستہ انوار زیدی اور ہمدرد ولیج اسکول کے ہیڈماسٹر سلیم جتوئی بھی موجود تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر حکیم عبدالحنان نے کہا کہ آپ کے اساتذہ اور والدین مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی محنت و مشقت کی بدولت آپ اس مقام پر پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ آپ اپنی زندگی کی اس نہج پر ہیں جہاں آپ کی بنیادبن چکی ہے۔ اب آپ کو اپنے مستقبل کا انتخاب کر کے ایک مضبوط عمارت کے طور پر کھڑا ہونا ہے۔ اس کے لیے منصوبہ بندی اور غور کیجئے اور خواب دیکھیے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا خواب جس طرح شہید حکیم محمد سعید نے دیکھا تھا انہوں نے دولت کے انبار پر بیٹھ کر منصوبہ بندی نہیں کی تھی ، اپنے لیے روٹی کپڑا اور مکان کی فکر
نہیں کی بلکہ قوم کے لیے روٹی ، کپڑا اور مکان کی فکر کی اور ادارے بنائے جس سے نہ صرف لوگوں کو روزگار ملا بلکہ صحت ، تعلیم اوردیگرخدمات کی راہ ہموارہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ایک فرد کی ترقی کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ ایک گھر نے ترقی کی ، ایک کنبے نے ترقی کی، ایک شہر نے ترقی کی اور ایک ملک نے ترقی کی۔ جیسے جیسے تعلیم آتی چلی جاتی ہے اس کا مقام اور مرتبہ دوسرے ملک اور دوسری اقوام کے درمیان بلند ہوتا جاتا ہے اور ہم باعزت ہوتے چلے جاتے ہیں۔ تعلیم کے بغیر کسی قوم نے ترقی کی ہے اور نہ کر سکے گی۔ اس نقطے کو شہیدحکیمسعید نے سمجھا اور اپنا سب کچھ تعلیم کے فروغ کے لیے لگا دیا۔ انہوں نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پر اللہ کا کرم ہے کہ اتنے اچھے ماحول میں اتنے اچھے اور قابل اساتذہ اور اتنی اچھی لیڈرشپ محترمہ سعدیہ راشد اورمحترمہ فاطمہ منیر احمد کی شکل میں آپ کو ملی ہوئی ہے۔ یہ سب ادارے ان کی رہنمائی میں پروان چڑھ رہے ہیں۔ ہم دعاگو ہیں کہ ادارے یونہی ترقی کرتے رہیں۔قبل ازاں سیکنڈری کی پرنسپل شائستہ انوار زیدی نے اپنے کلمات استقبال میں کہا کہ ہمدرد پبلک اسکول کے 112 طلبہ نے میٹرک کے امتحان میں حصہ لیا تھا جس میں سے 92 طلبہ نے اے ون گریڈ اور 20 طلبہ نے اے گریڈ حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کا سوفیصد نتیجہ اساتذہ کی محنت ، لگن کے باعث ممکن ہوا۔
حکیم عبدالحنان

Print Friendly, PDF & Email
حصہ