وزیر اعظم کی ریلوے اراضی پر قائم تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت

71

اسلام آباد /راولپنڈی(خبر ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت جمعرات کو وزیراعظم آفس میں وزارت ریلوے کی بریفنگ منعقد ہوئی۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، سیکرٹری و چیئرمین ریلوے اور وزارت ریلوے و پاکستان ریلوے کے سینئر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ سیکرٹری ریلوے نے وزیراعظم کو پاکستان ریلوے کے بارے میں اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو ریلوے کی ہزاروں ایکڑ اراضی جن پر تجاوزات ہیں اور جن کی مالیت اربوں روپے میں ہے، کے مسئلے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے تجاوزات کے خاتمے اور محاصل بڑھانے کے لیے ریلوے کی زمین سے مستقبل میں استفادے کی خاطر 15 دنوں کے اندر جامع منصوبہ تیار اور پیش کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمدنے میا نوالی ریل کار کے ٹریک کا راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان آج وزیراعظم ہاؤس میں میانوالی ریل کار کا افتتا ح کر یں گے، ریلوے کاسالانہ خسارہ 42 ارب ہے جسے ہر صورت ختم کریں گے، گوادر سے کوئٹہ تک ٹریک ڈالا جائے گا،نالہ لئی والا منصوبہ بھی جلد شروع کیا جائے گا۔2 ٹرینوں کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں ٹرینیں20 دن میں تیار کی گئی ہیں،وزیر اعظم سے درخواست ہے کہ وہ تمام ٹرینوں کو اپ گریڈ کریں،تمام اکانومی ٹرینوں کو آئندہ گرمیوں تک بہتر کیا جائے گا، بھیس بدل کر بھی گاڑیاں چیک کروں گا۔دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے چائنا ہاربرانجینئر نگ کمپنی کے جنرل منیجر ژیو فنگ وانگ نے ایک اہم ملاقات کی۔چینی کمپنی نے پاکستان ریلوے کے ساتھ مل کر کام کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ملاقات میں ریلوے کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ملاقات کے دوران ریلوے سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ