عمران خان وفاقی بیوروکریسی کے افسران سے آج خطاب کریں گے

208

اسلام آباد (آئی این پی ) وزیراعظم عمران خان آج (جمعہ) وفاقی بیوروکریسی کے افسران سے خطاب کریں گے۔ خطاب وزیراعظم سیکرٹریٹ کے آ ڈیٹوریم میں صبح10بجے ہوگا، تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں، خودمختار اور نیم خودمختار اداروں اور کارپوریشنوں کے وفود خطاب سننے کے لیے وزیراعظم سیکرٹریٹ پہنچیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان وفاقی بیوروکریسی سے تعلق رکھنے والے مختلف سروس گروپوں کے افسران سے اہم خطاب کریں گے۔ جس میں وہ سرکاری افسران کو عوام کی خدمت اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے بتائے گئے اصولوں کے مطابق سرکاری نظام چلانے کی تلقین کریں گے۔

صدر مملکت آج وزیراعظم اتوار کو کراچی پہنچیں گے
اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے رواں ہفتے کراچی کے دورے کا امکان ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آج جمعے کو پہنچیں گے جبکہ عمران خان 16 ستمبر کو کراچی آئیں گے۔ صدر اور وزیراعظم مزار قائد پر فاتحہ خوانی کریں گے۔ منصب سنبھالنے کے بعد دونوں کی پہلی بار کراچی آمد ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی ہوگا، جس میں کراچی کے امن سمیت متعدد امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ عمران خان پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی اور سینئر رہنماؤں سے ملاقات بھی کریں گے۔

اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل کوفی عنان گھانا میں سپرد خاک
آکرہ (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل کوفی عنان کو ان کے آبائی ملک گھانا میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ ان کی آخری رسومات میں دنیا بھر سے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر عالمی رہنماؤں نے کوفی عنان کی دنیا کو مزید بہتر سے بہتر بنانے کے لیے کوششوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کوفی عنان 1997ء سے 2006ء تک اقوام متحدہ کے سیکرٹری رہے۔

برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید جلد پاکستان کا دورہ کریں گے
اسلام آباد (آن لائن) برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، وہ صدر، وزیراعظم سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت کے قیام کے بعد برطانیہ کی جانب سے یہ پہلا اعلیٰ سطح کا دورہ ہوگا۔

پی ٹی وی کے بورڈ کے 8 نئے ڈائر یکٹر کا تقرر، ارشد خان منیجنگ ڈائریکٹر مقرر
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی کابینہ نے پی ٹی وی کے بورڈ کے 8 نئے ڈائر یکٹر کو مقرر کرتے ہوئے ارشد خان کو ایم ڈی مقرر کر دیا ہے، بورڈ کے چےئرمین وفاقی وزیر فواد چودھری ہوں گے جبکہ ممبران میں وفاقی سیکرٹری اعلانات، چےئر مین ایچ سی سی، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس، ڈی بی آئی ایس پی آر، ایم ڈی پی ٹی وی اور دیگر شخصیات شامل ہیں جبکہ ہارون شریف کو بورڈ آف انویسٹمنٹ کا سربراہ بنا دیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کابینہ میں 2 مشیر اور 2 معاون خصوصی کا اضافہ
پشاور (اے پی پی) خیبرپختونخوا کابینہ میں 2 مشیر اور 2 معاون خصوصی کی توسیع کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ ضیاء اللہ خان بنگش وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم اور حمایت اللہ خان وزیراعلیٰ کے مشیر برائے انرجی اینڈ پاور تعینات کردیے گئے۔ عبدالکریم خان صنعت و تجارت کے لیے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ہونگے کامران بنگش سائنس اور آئی ٹی کے لیے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی ہونگے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ