ازبک سفیر دفاعی اتاشی کے ساتھ وزیر دفاعی پیداوار سے ملاقات

51

اسلام آباد( آن لائن )پاکستان میں ازبکستان کے سفیر فرقت صدیقوو نے دفاعی اتاشی لیفٹیننٹ کرنل سعد اللہ تشماتوو کے ہمراہ آج وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال سے ملاقات کی ۔وزارت دفاعی پیداوار کے ایڈیشنل سیکرٹری میجر جنرل علی عامر اعوان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ اور باہمی تعاون کے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے کیونکہ دونوں ممالک میں گہری ثقافتی اور مشترکہ روایات پائی جاتی ہیں ۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ دونوں
ممالک کے مابین باہمی تعلقات احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں ۔ملاقات کے دوران دونوں جانب سے مشترکہ پیداوار کے منصوبوں کے لیے نئے راستے استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات دفاعی پیداوار کے شعبہ میں مزید فعال ہوں ازبکستان کے سفیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک وسائل سے بھرپور ملک ہے جس میں ایک متحرک معیشت اور مزید ترقی کے لیے بہت سی صلاحیتیں پائی جاتی ہیں ۔وفاقی وزیر نے ازبک قیادت کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم کی مکمل رکنیت کے لیے ازبکستان کی مکمل حمایت کا شکریہ ادا کیا اور ازبکستان کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ