حیدرآباد،محرم الحرام کے آغازہی سے ہائی الرٹ

62

حیدرآباد(نمائندہ جسارت) ایس ایس پی حیدرآبا د عدیل حسین چانڈیو کی زیر صدارت پولیس ہیڈکوارٹر حیدرآباد میں محرم الحرام کے دوران امن و امان و فول پروف سیکورٹی انتظامات کے سلسلے میں اجلاس منعقد کیاگیا جس میں حیدرآباد ضلع کے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق ماہ محرم الحرام کی آمد کے موقع پر پولیس کی تمام چھٹیاں منسوخ کر کے تمام پولیس اہلکاروں کو ڈیو ٹی پر طلب کر لیا گیا ہے۔ پولیس کو ہائی الرٹ کر کے محرم الحرام کے موقع پر فول پروف حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ محرم الحرام کا چاند نظر آتے ہی عزا داران کی جانب سے علم چڑھانے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی ذوالجناح کے جلوس مخصوص امام بارگاہوں سے نکالے جائیں گے جو اپنے اپنے مخصوص علاقوں کا گشت کریں گے۔ جبکہ مجالس عزا بھی اپنے مقررہ وقت پر منعقد ہوں گی ۔ حیدرآباد ضلع میں یکم محرم کو حیدرآباد ضلع میں محرم سیکورٹی پلان کے تحت پولیس اور رینجرز کا مشترکہ فلیگ مارچ پولیس ہیڈ کوارٹرسے نکالا جائے گا۔یکم تا 10 محرم الحرام کو712 ماتمی جلوس نکالے جائیں گے،783 مجالس ہوں گی۔ حیدرآباد میں عاشورہ محرم کے لیے 2000 سے زائد پولیس اہلکار و پولیس کمانڈوز اور ضلعی امن کمیٹی کے 100 سے زائد ارکان، 400 اسکاؤٹس سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ ایس ایس پی آفس میں مرکزی کنٹرول روم قائم، خفیہ کلوزسرکٹ کیمروں کی مدد سے جلوسوں، مجالس کے مقامات اور حساس مقامات کی کڑی نگرانی کی جائے گی جبکہ ڈی ایس پی سٹی کے آفس میںیوم عاشورہ مرکزی پروگرامز کا مانیٹرنگ کنٹرول روم بھی حسب روایت قائم کیا جارہا ہے، 7محرم الحرام کو ٹنڈو آغا پھلیلی کی حدود سے سندھ کا ایک بڑا روایتی ماتمی جلوس جماعتویوں کا پڑھ، سرے گھاٹ سے روایتی خواتین کی مجلس اور جلوس اور کھاتہ چوک سے نکالی جانے والی سمدھو کی مہندی کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی جیمرز ڈیوائس لگائی جائیں گی اور اہم جگہوں پر کمانڈوز موونگ جیمرز ڈیوائس کے ساتھ موجود ہوں گے جبکہ قدم گاہ مو لاعلی کر بلا دادن شاہ، اہم امام بارگاہوں و مجالس اور حساس مقامات پر واک تھرو گیٹس اور باب وائر (خاردارتار) لگائے جا ئیں گے ۔ بلند عمارات پر اسنائپر کمانڈوز کو تعینات کیا جائے گا جبکہ قدم گاہ مولا علی سمیت 4حساس مقا مات پر واچ ٹاورز لگائے جائیں گے اور وہاں سے دوربین اور نائٹ ویزول ڈیوائس کے ذریعے پولیس کمانڈوز وسیع علاقے پر نظر رکھیں گے۔ محرم الحرام میں حیدرآباد، لطیف آباد، قاسم آباد اور ٹنڈو جام میں تمام ایس ایچ اوزامام بارگاہوں اور مجالس کے مقامات کی پروگرام شروع ہو نے سے قبل بم ڈسپوزل اسکوڈ سے سوئپنگ کراکر تحریری سر ٹیفکیٹ لیں گے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.