33

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو مندی کے بادل چھٹ گئے،ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 40944پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا مگر کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 40700پوائنٹس کی نئی سطح پر بند ہوا ،تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 19ارب روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کاآغا ز تیزی کے ساتھ ہوا ،بینکنگ ،فوڈز ،توانائی اور سیمنٹ کے شعبوں میں حکومتی مالیاتی اداروں کی سرمایہ کاری کی بدولت ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 40700، 40800 اور40900پوائنٹس کی3بالائی حد عبور کر گیا تھا مگر مقامی انسٹی ٹیوشنز اور بروکریج ہاؤسز کی جانب سے نفع کی خاطر فروخت کے دباؤ کے سبب انڈیکس 40700 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں75.48پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 40684.05پوائنٹس سے بڑھ کر 40759.53 پوائنٹس ہو گیا اسی طرح40.01پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 20036.76 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 29773.17 پوائنٹس سے بڑھ کر 29848.96پوائنٹس ہو گیا۔ کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 19 ارب30 کروڑ 21لاکھ92ہزار71روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 84 کھرب 29 ارب 8 کروڑ3 لاکھ 95 ہزار 120 روپے سے بڑھ کر 84 کھرب 48ارب 38 کروڑ 25لاکھ 87 ہزار 191 روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو 5 ارب روپے مالیت کے 13کروڑ95لاکھ8ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ پیر کو4ارب روپے مالیت کے 11 کروڑ 25 لاکھ 52 ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ روز مجموعی طور پر369کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 219 کمپنیوں کے حصص کی قیمتو ں میں اضافہ ،134میں کمی اور16کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ