سنگاپور دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ رکھنے والا پہلا ایشیائی ملک بن گیا

204

نیویارک: سنگاپور دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ رکھنے والا پہلا ایشیائی ملک بن گیا۔ اس سے قبل یہ اعزاز جنوبی کوریا کے پاس تھا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق  ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس درجہ بندی کا تعین ایک آن لائن پروگرام پاسپورٹ انڈکس کی مدد سے کیا گیا  ۔ یہ پروگرام اقوام متحدہ کے رکن 193 ممالک اور 6 علاقوں کے پاسپورٹوں کا ڈیٹا جمع کرکے ان کی قوت کی درجہ بندی کرتا ہے۔

ایک عالمی مالیاتی کمپنی آرٹن کیپیٹل اس آن لائن پروگرام کی اسپانسر ہے اور اس کی سالانہ فہرست میں یہ بتایا جاتا ہے کہ قدر ومنزلت کے اعتبار سے کس ملک کا پاسپورٹ دوسروں پر بھاری ہے۔اس پاسپورٹ کو طاقتور سمجھا جاتا ہے جسے زیادہ سے زیادہ ملک ویزے کے بغیر داخلے کی اجازت دیتے ہیں۔

سنگاپور دنیا کا واحد ایسا ملک بن کر سامنے آیا جس کے پاسپورٹ کو 166 ملکوں میں ویزے کے بغیر داخلے کی اجازت دی جاتی ہے ۔دنیا کے 127 ملک ایسے ہیں جو سنگاپور کا پاسپورٹ رکھنے والوں سے کسی ویزے کا تقاضا نہیں کرتے جب کہ 29ملک ایئرپورٹ پر ہی اسے ویزہ دے دیتے ہیں۔صرف 32 ممالک ایسے ہیں جہاں جانے کے لیے سنگا پور والوں کو پہلے سے ویزہ حاصل کرنا پڑتا ہے۔

اس فہرست میں ایک اور ایشیائی ملک جنوبی کوریا، دوسرے نمبر پر ہے جس کی شہریوں کو 165 ملکوں میں ویزے کی ضرورت نہیں پڑتی۔

طاقت ور پاسپورٹ کے دوسرے درجے پر امریکہ،، فن لینڈ، جرمنی،، ڈنمارک اور کئی یورپی ملک براجمان ہیں۔تیسرے درجے پر جاپان، کینیڈا،، اٹلی اور فرانس کے ممالک آتے ہیں۔

اگر جنوبی ایشیا پر نظر ڈالی جائے تو مالدیپ 51 ویں، بھارت 65 ویں، نیپال 80 ویں، سری لنکا 81 ویں، بنگلہ دیش 83 ویں درجے پر ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ