نیب بلا جواز تاجر برادری کو حراساں  نہیں کر ے گا۔ جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال

266

تاجر بادری کی شکایات کے ازالے کیلئے نیب میں اسپیشل ڈیسک کے قیام کا اعلان

کرپشن کے خاتمے کیلئے تاجر برادری نیب کے ساتھ کھڑی ہے۔ شیخ عامر وحید

اسلام آباد : نیب کے چیئرمین جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر براری سے خطاب کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ نیب تاجروں وصنعتکاروں کوبلا جواز حراساں کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ تاجر برادری کی شکایات کے ازالے کیلئے نیب میں ایک اسپیشل ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے جو آج سے اپنا کام شروع کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے لہذا نیب ان کے جائز مفادات کا بھرپور تحفظ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایف بی آر کا کوئی آفیسر ٹیکس معاملات میں کسی تاجر وصنعتکار کو ناجائز تنگ کرتا ہے تو وہ نیب کو درخواست دے اور نیب اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے گا۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کو یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ اب کسی مخصوص تاجر طبقے کو فائدہ دینے کیلئے کوئی امتیازی ایس آر او جاری نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دیانتدار اور ایماندار تاجروصنعتکار بلا خوف اپنی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے پر توجہ دیں اور نیب ان کا تحفظ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ غلطی کو نظرانداز کیا جا سکتا ہے لیکن جرم کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سود سمیت پاکستان کا قرضہ 100ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے لیکن ملک کو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
جسٹس (ریٹائرڈ ) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کو 39728شکایات موصول ہوئیں ہیں جن کے نتیجے میں نیب اب تک 297ارب روپے کی ریکوری کر چکا ہے جو ایک اچھی خاصی رقم بنتی ہے۔ انہوں نے اپنے پراجیکٹس مکمل نہ کرنے والی ہاؤسنگ سوسائٹیوں پر زور دیا کہ وہ یا تو اصل رقم متاثرین کو واپس ادا کر دیں یا ان کو پلاٹ الاٹ کردیں ۔ انہوں نے کہا کہ نیب ڈوبے ہوئے 85کروڑ روپے متاثرین میں تقسیم کر چکا ہے جبکہ مزید رقم ایسے متاثرین کو واپس دلوائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیب پاکستان کے مفادات کے تحفظ کیلئے کام کر رہا ہے اور آئندہ بھی منی لانڈرنگ اور کرپشن سمیت دیگر جرائم کے خلاف بلاامتیاز اپنی کارروئیاں جاری رکھے گا۔ سی ڈی اے کے تجاوزات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں ان کے خلاف ایکشن لیا جائے گا جنہوں نے تجاوزات کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کی کوششوں میں تاجر برادری نیب کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کی طرف سے تاجر برادری کو بلاجواز حراساں نہ کرنے کی یقین دہانی کی وجہ سے تاجروں وصنعتکاروں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور ان کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر غیر قانونی کام کرنے والے کسی تاجر وصنعتکار کا ساتھ نہیں دے گا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کے فیصلوں پر پوری طرح عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ متاثرین کو انصاف ملے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ قوانین میں ضروری ترامیم کرے تا کہ کرپشن کو شروع سے ہی روکا جا سکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان افسران کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے جنہوں نے تجاوزات کو بروقت نہیں روکا ۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور نائب صدر نثار مرزا نے چیمبر کا دورہ کرنے پر چیئرمین نیب کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر چیئرمین فاؤنڈر گروپ زبیر احمد ملک، عبدالرؤف عالم، ظفر بختاوری اور دیگر نے چیئرمین نیب سے مختلف سوالات کئے جن کے تفصیلی جوابات دیئے گئے

Print Friendly, PDF & Email
حصہ
mm
قاضی جاوید سینئر کامرس ریپورٹر اور کامرس تجزیہ، تفتیشی، اور تجارتی و صنعتی،معاشی تبصرہ نگار کی حیثیت سے کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں ۔جسارت کے علاوہ نوائے وقت میں ایوان وقت ،اور ایوان کامرس بھی کرتے رہے ہیں ۔ تکبیر،چینل5اور جرءات کراچی میں بھی کامرس رپورٹر اور ریڈیو پاکستان کراچی سے بھی تجارتی،صنعتی اور معاشی تجزیہ کر تے ہیں qazijavaid61@gmail.com