پی این ایس خیبر کاعمان کی بندر گاہ کا دورہ‘ بحری سیکورٹی کویقینی بنائیگا

26

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس خیبر نے خلیج عمان میں میری ٹائم سیکورٹی پیٹرول کی تعیناتی کے دوران عمان کی بندر گاہ مسقط کا دورہ کیا۔ پاک بحریہ کی جانب سے ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پیٹرول کے اقدام کا مقصد گہرے سمندروں میں قومی جہازرانی اور بحری سیکورٹی کو
ممکن بناتے ہوئے عالمی ذمے داریوں کو پورا کرنے اور حساس بحری راہداریوں میں اپنی موجودگی کو یقینی بنانا ہے۔پاکستان اور عمان کے درمیان قریبی سفارتی اوردوستانہ تعلقات ہیں۔ پی این ایس خیبر کے دورے نے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید استحکام کے ساتھ عمان میں موجود پاکستانیوں کے ساتھ یومِ دفاع کو روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا سنہری موقع فراہم کیا۔ اس سلسلے میں جہاز پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں رائل نیوی آف عمان کے ڈپٹی کمانڈر کموڈور سعد بن عبداللہ ال سعدی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ عمان میں تعینات پاکستان کے سفیر علی جاوید نے جہاز کے کمانڈنگ افسر کے ساتھ شرکت کی۔تقریب میں سلطنت آف عمان کے نمایاں سرکاری نمائندگان ، بحرین، سعودی عرب ، لبنان ، قطر ، سوڈان اور ترکی کے سفیروں اور چین ، مصر، فرانس ، ایران، اٹلی ، سعودی عرب، کوریا، ترکی اور امریکا کے دفاعی اتاشیوں نے بھی شرکت کی۔پی این ایس خیبر کے دورے کے دوران جہاز کے افسران اور عملے نے عمان کے ساتھ باہمی تعلقات کے اشتراک کے باہمی سلسلے کو مستحکم بنانے کے لیے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔باہمی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے عمانی جہاز کے ساتھ مشق کا بھی انعقاد کیا گیا ۔ مشق کے اختتام پر پی این ایس خیبر نے خلیج عدن میں ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پیٹرول کا دوبارہ آغاز کر دیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ