بھارتی ایجنسیاں زر خرید عناصر کے ذریعے تحریک آزادی کے خلاف پروپیگنڈا کررہی ہیں، صلاح الدین

77

مظفر آباد/جنیوا(صباح نیوز+اے پی پی)متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین اور حزب المجاہدین کے سربراہ صلاح الدین نے کہا ہے کہ بھارتی ایجنسیاں زر خرید عناصر کے ذریعے تحریک آزادی کے خلاف پروپیگنڈا کررہی ہیں، ڈاکٹر الاحد گنائی، حکیم الرحمن سلطانی اور آصف نذیر ڈار کا قتل اسی سلسلے کی کڑی ہے، کشمیری عوام اتحاد قائم رکھیں ، بھارتی مظالم انتہا کو پہنچ چکے ہیں، پاکستان روایتی سست روی سے ہٹ کر ہنگامی بنیادوں پر عالمی سطح پر اقدامات کرے جبکہ
کنونیئر جماعتی کشمیر رابطہ کونسل رکن قانون ساز اسمبلی و سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا کہ وزیراعظم مسئلہ کشمیر کے حل کوترجیح اول بنانا ہوگا، حریت اور کشمیری قیادت کی مشاورت سے ایک جامع کشمیر پالیسی تشکیل دی جائے ۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین اور حزب المجاہدین کے سربراہ نے متحدہ جہاد کونسل کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو عناصر دانستہ یا غیر دانستہ سوشل میڈیا یا دیگر درائع سے مخلص قیادت اور کارکنوں کے حوالے سے شکوک و شہبات پیدا کرنے کے مذموم پروپیگنڈا کر رہے ہیں وہ تحریک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں ۔انہوں نے حریت پسند عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کریں، بے داغ، مخلص اور حریت قیادت پر بھرپور اعتماد رکھ کر تحریکی صفوں میں کامل یکجہتی اور اتحاد قائم رکھیں اور ہر انتشاری کوشش کو ناکام کریں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم اور نہتے کشمیریوں کی قربانیاں انتہا کو پہنچ چکی ہیں۔ ان حالات میں پاکستان روایتی سست روی سے ہٹ کر ہنگامی بنیادوں پر عالمی برادری اور اداروں کو اس گمبھیرصورتحال کی طرف متوجہ کرنے کی ہر ممکن کوشش اور اقدامات کرے۔ دوسری جانب کنونیئر کل جماعتی کشمیررابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق امیرجماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان کے نام کھلا خط لکھا ہے جس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔خط میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سلامتی اور معیشت کے حوالے سے اہم مسائل کا شکار رہے۔جن سے عہدہ برآ ہونے کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ترجیح اول بنانا ہوگا،اس لیے کہ کشمیر کی آزادی کے بغیر علامہ اقبال اور قائد اعظم کا تصور پاکستان نامکمل رہے گا۔ مستقبل میں پاکستان کو پانی فراہم کرنے والے دریاؤں کا رخ موڑنے یا درجنوں بند باندھ کر پاکستان کو بنجر صحرا میں تبدیل کرنے کے بھارتی عزائم آپ کے سامنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہدا کشمیر کے جنازے پاکستانی پرچموں میں لپیٹ کر دفن کیے جا رہے ہیں ،14اگست ، 23مارچ جس شان و شوکت سے منایا جاتا ہے اس کا یہاں تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔عبدالرشید ترابی نے وزیر اعظم عمران خان سے کہا ہے کہ رواں کشمیر پالیسی کا بھرپور جائزہ لیتے ہوئے حریت اور کشمیری قیادت کی مشاورت سے ایک جامع کشمیر پالیسی تشکیل دی جائے جو بین الاقوامی سطح پر بھارتی مظالم بے نقاب کرنے کے ساتھ ساتھ بھارت پر ٹھوس سفارتی دباؤ کا ذریعہ بن سکے۔
سید صلاح الدین

Print Friendly, PDF & Email
حصہ