ملک دشمن فرقہ واریت کے ذریعے لڑائی جھگڑا کرانا چاہتے ہیں، شہریار آفریدی

35

اسلام آباد(اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ملکی دفاع اور پاکستان کے عوام سب سے اہم ہیں، پاکستان کے دشمن فرقہ واریت کے ذریعے ملک میں لڑائی جھگڑا کرانا چاہتے ہیں، بلوچستان کو مضبوط اور مستحکم بنانا ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستان دشمن بلوچستان کارڈ استعمال کر رہے ہیں، بلوچستان کے تمام سرداروں کے پاس خود جاؤں گا، ہم تمام ناراض لوگوں کو گلے لگانا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وزارت داخلہ میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اﷲ کا شکر ہے کہ ہم سب اس ملک کے باسی ہیں جس ملک کے آئین میں قرآن و سنت شامل ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وزارت کا قلمدان سنبھالے مجھے 7 روز ہوئے ہیں،3 دن بلوچستان گزار کر آ
رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلوں گا، میری ٹیم مسلسل کام کر رہی ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ جب میں تفتان کے دورے پر گیا تو وہاں مجھے بتایا گیا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار وزیر داخلہ اس علاقے میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح ہے کہ سب سے پہلے بلوچستان کو مضبوط اور مستحکم بنانا ہے، ہمارے دشمن بلوچستان کارڈ کا استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں بلوچستان کے تمام ناراض سرداروں کے پاس خود جاؤں گا، ہم تمام ناراض لوگوں کو گلے لگانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ماں اور باپ کا کردار ادا کرتا ہے، اس کے لیے سب برابر ہیں۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی وفات کی خبر سن کر فاتحہ خوانی کرائی اور ان کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ