آزادی فلسطین کی جدو جہد جاری رہے گی‘ حماس

37

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) حماس کے سیاسی شعبے کے سابق سربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ حماس کا 30 سال سے جاری سیاسی سفر کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ ایک انٹرویو میں خالد مشعل کا کہنا تھا کہ حماس نے اپنی سیاسی دستاویزکے خلاف کوئی کام نہیں کیا، بلکہ اپنی تاریخ اور اصولوں کا احترام کرتے ہوئے ارتقا کا سفر جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ عرب ممالک میں اٹھنے والی تبدیلی کی تحریک کے تناظر میں حماس نے بھی اپنے سیاسی طرز فکرمیں تبدیلی کی۔ حماس نے اپنی نئی دستاویز ات تیار کیں اور مختلف کانفرنسوں اور سیمیناروں کے ذریعے ان کا اظہار کیا۔ حماس کے فیصلے اس کی مجلس شوریٰ کرتی ہے۔
ملائیشیا: فلسطینی پناہ گزینوں
کے لیے فنڈ جمع کرنے کی مہم
کوالالمپور (انٹرنیشنل ڈیسک) ملائیشیا حکومت نے فلسطینی پناہ گزینوں کی امدادی تنظیم اونروا کے لیے ملک گیر فنڈ جمع کرنے کی مہم کا آغاز کردیا۔ حال ہی میں امریکا نے اونروا کو دی جانے والی تمام امداد بندکی ہے۔ اس تناظر میں کوالالمپور کا اقدام فطری ردعمل ہے۔اونرواپہلے ہی سنگین نوعیت کے مالی بحران کا شکار ہے۔ امریکا کی طرف سے امداد کی بندش کے بعد اندرون اور بیرون فلسطین پناہ گزینوں کی تعلیم، صحت اور بنیادی ضروریات کے دیگر پروگرام بند ہونے کا خطرہ ہے۔ اونروا کے لیے امدادی مہم شروع کرنے کے بعد ملائیشیا کے نائب وزیراعظم وان عزیزہ نے کہا کہ ہمیں فلسطینی پناہ گزینوں کے متاثر ہونے کا احساس ہے۔
اسرائیلی فوج کے ہاتھوں
گزشتہ ماہ 484 فلسطینی گرفتار
مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور دیگر علاقوں میں اسرائیلی فوج نے اگست کے دوران 484 فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔ ایک رپورٹ کے مطابق اگست کے دوران اسرائیلی فوج نے دریائے اردن کے مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس سے 18 خواتین اور 62 بچوں سمیت 484 فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔ سب سے زیادہ گرفتاریان مقبوضہ بیت المقدس سے کی گئیں، جہاں سے 118 افراد حراست میں لیے گئے۔ اس کے بعد رام اللہ اور البیرہ سے 85، الخلیل سے 80، جنین سے 25، بیت لحم سے 40 اور نابلس سے 55 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ