50

کر ا چی( اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران عبد اللہ اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان رواں ہفتے دورہ کراچی کے موقع پر بڑا اعلان کریں گے۔ فارماسیوٹیکل سمیت تمام شعبوں کے فروغ کے لیے جامع پالیسیاں ترتیب دی جارہی ہیں۔ اس وقت فارما شعبے کا ملکی حصہ 3 ارب ڈالر ہے، ماضی کی طرح کسی سیکٹر کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ای کامرس گیٹ وے کے تحت15ویں تین روزہ بین الاقوامی ہیلتھ ایشیا اور فارما ایشیاء کا افتتاح کرتے ہوئے گورنرسندھ عمران عبد اللہ اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعلٰی مراد علی شاہ کے ساتھ صوبے کی تیز رفتار ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے تمام اقدامات کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے 15 ویں ہیلتھ ایشیا اور فارما ایشیاء نمائش میں غیر ملکی وفود کی کثیر تعداد میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن پرملک کی معاشی سمت کو درست اور تیز کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ غیر ملکیوں کی آمد سے کئی شعبوں کے فروغ کے ساتھ سیاحت بھی پروان چڑھے گی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ماضی میں کراچی نے بہت تکلیف برداشت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج اوررینجرز نے بحالی امن کے لیے جو کردار ادا کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ ایسے کسی بھی عمل کی بھر پور انداز میں حوصلہ شکنی کریں گے جس سے پھلتے پھولتے روشنیوں کے شہر کراچی کا امن متاثر ہو۔ عمران عبداللہ اسماعیل نے کہا کہ ہم کراچی پیکیج کا اعلان کرنے جارہے ہیں اس سلسلے میں سندھ حکومت کو بھی آن بورڈ لیا ہے۔ انہوں کے کہا کہ وزیر اعلٰی سے ملاقات کا مقصد انتخابات میں سیاسی تلخیوں کو دور کرنا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ