فاٹا میں بلدیاتی نظام نافذ کیا جائے، مختص سے زائد فنڈز دیں گے، وزیراعظم

144
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان بلدیاتی نظام سے متعلق اجلاس سے خطاب کررہے ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان بلدیاتی نظام سے متعلق اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے فاٹامیں لوکل گورنمنٹ کے نظام کو رائج کرنے کیلئے کوشش تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا ہے کہ قبائلی علاقہ جات کی ترقی کے حوالہ سے قبائلی عوام کے فیصلوں اور مشاورت کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ان علاقوں میں جلد از جلد لوکل گورنمنٹ سسٹم کا نفاذ کیا جائے۔ وفاقی حکومت فاٹا کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے درکار فنڈزسے زائد وسائل مہیا کرے گی جبکہ این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کے ترقیاتی پیکیج کے حصول کے لیے بھی اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرے گی۔ انہوں نے یہ بات منگل کو قبائلی علاقوں (فاٹا) کے انضمام کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیرِ قانون ڈاکٹر فروغ نسیم، وزیر برائے مذہبی امور نور الحق، وزیرِاعظم کے مشیر شہزاد ارباب، گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، وزیرِ اعلیٰ محمود خان، متعلقہ محکموں کے وفاقی و صوبائی سیکرٹریز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں قبائلی علاقہ جات کے انضمام کے حوالہ سے پیشرفت اور اب تک اٹھائے جانے والے انتظامی و قانونی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے فاٹا انضمام اور قبائلی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ قبائل کے رسم و رواج کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے نئے نظام کے نفاذ کو قابل عمل بنایا جائے اور نئے نظام کے اطلاق میں قبائلی عوام کی مشاورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قبائلی علاقوں کے نوجوانوں کے لیے روزگار کی فراہمی کے مزید مواقع یقینی بنائے جائیں اور اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ انتظامی اقدامات کے نتیجہ میں کوئی فرد بے روزگار نہ ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے عوام کے لیے ا سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں مختص کوٹہ متاثر نہ ہو۔ وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ ضم ہونے والے قبائلی علاقوں میں صحت، تعلیم اور خصوصاً بچیوں کے سکولوں کو بہتر بنانے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ فوری اور سستا انصاف کی فراہمی کے لیے جلد از جلد طریقہ کار وضع کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت فاٹا کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے درکار فنڈزسے زائد وسائل مہیا کرے گی۔ اور این ایف سی ایوارڈ میں بھی فاٹا کے ترقیاتی پیکج کے لیے کردار ادا کریں گے۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے لوکل باڈیز کمیٹی کو اپنی سفارشات کو آئندہ 48 گھنٹوں میں حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایت منگل کو لوکل گورنمنٹ کے حوالہ سے وزیراعظم آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے نمائندگان شریک ہوئے۔اجلاس میں لوکل گورنمنٹ سسٹم کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
عمران خان

Print Friendly, PDF & Email
حصہ