سیدنا عمر فاروقؓ کا یوم شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جائے گا

186

اسلام آباد (اے پی پی) خلیفہ دوم اور دعائے رسول ﷺ سیدنا عمر فاروقؓ کا یوم شہادت آج بدھ یکم محرم الحرام کو عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر خصوصی تقاریب ہوں گی جن میں مقررین عظیم فاتح اور بہترین حکمران کے طورپر سیدناعمر فاروقؓ کی سیرت و کرداراوران کے زہد و تقویٰ سے روشناس کرانے کے لیے اظہار خیال کریں گے۔ مسلمان ہی نہیں غیر مسلم بھی سیدنا عمر فاروقؓ کے طرز حکمرانی کوبے مثال قرار دیتے ہیں اوربالخصوص عدل وانصاف کے رہنما اصولوں کے حوالے سے ان کے دور حکومت کومثالی قراردیاجاتا ہے۔ واضح رہے کہ سیدنا عمر فاروقؓ نے اپنے دور اقتدار میں نہ صرف اسلامی مملکت کافتوحات
کی عظیم مثال قائم کی بلکہ اسلامی مملکت کو تاریخ انسانی میں پہلی مرتبہ فلاحی مملکت بنانے کا آغاز کیا۔ علاوہ ازیں اسلامی معاشی نظام کی بنیاد بھی سیدنا عمر فاروقؓ کے دور میں رکھی گئی۔ آپؓ نے سکیورٹی کے نظام کو مستحکم اور مضبوط بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے اور پہلی مرتبہ انٹیلی جنس کے نظام کی بنیاد رکھی۔ سیدنا عمرفاروقؓ رسول اللہ ﷺ کے وہ عظیم قریبی ساتھی اور رفیق کار تھے کہ بطور حکمران ان کا زہد و تقویٰ مثالی حیثیت کا حامل تھا۔ آپ کا شمار ان عظیم ہستیوں میں ہوتا ہے جن کی منشا اور رسول اللہ ﷺ کو دیے گئے مشوروں پر متعدد مرتبہ وحی کا نزول ہوا اور اللہ رب العزت نے سیدعمر فاروقؓ کی منشا پر اپنی وحی کے ذریعے مہر تصدیق ثبت کی۔
یوم شہادت

Print Friendly, PDF & Email
حصہ