نوازشریف ،شاہد خاقان کیخلاف بغاوت کی درخواست پر وارنٹ جاری

94

لاہور (نمائندہ جسارت) نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سماعت کے دوران لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے‘ لاہور ہائی کورٹ نے عدم حاضری پر شاہد خاقان عباسی کو 10لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا‘ نواز شریف کو بھی نوٹس جاری کردیا‘ صحافی سرل المیڈا کو ایس ایس پی اسلام آبادکے ذریعے نوٹس جاری کیا گیا۔ ہائی کورٹ کے3 رکنی فل بینچ نے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں سابق وزرا اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے استفسار کیا کہ شاہد خاقان عباسی عدالت میں پیش کیوں نہیں ہوئے۔بعدازاں عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے ذریعے نوٹس جاری کردیا اس کے ساتھ انٹرویو لینے والے صحافی سرل المیڈا کو بھی بذریعہ ایس ایس اسلام آباد نوٹس جاری کیا گیا۔عدالت نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 10لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا بھی حکم دیا۔ خیال رہے کہ مذکورہ درخواست سابق وزیر اعظم نواز شریف کے متنازع بیان کو بنیاد بناکر دائر کی گئیہے اور موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف نے متنازع انٹرویو دے کر ملک و قوم سے غداری کی۔ درخواست گزار نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ نواز شریف کے خلاف بغاوت کے الزام کے تحت کارروائی کی جائے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ شاہد خاقان عباسی نے قومی سلامتی کمیٹی کی کارروائی سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بتا کر حلف کی پاسداری نہیں کی‘ اس لیے ان کے اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف آئین کے آرٹیکل6 کے تحت کارروائی کی جائے۔ یاد رہے کہ نواز شریف نے ایک انٹرویو میں ممبئی حملوں پر راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں دائر مقدمے کے حوالے سے کہا تھا کہ اس مقدمے کی کارروائی ابھی تک مکمل کیوں نہیں ہوسکی؟ان کا مزید کہنا تھا کہ عسکری تنظیمیں اب تک متحرک ہیں جنہیں غیر ریاستی عناصر کہا جاتا ہے‘ مجھے سمجھائیں کہ کیا ہمیں ان کو اس بات کی اجازت دینی چاہیے کہ سرحد پار جا کر ممبئی میں 150افراد کو قتل کردیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ