فوجی عدالتوں سے 13 دہشتگردوں کو سزائے موت ،آرمی چیف نے توثیق کردی

33

راولپنڈی (نمائندہ جسارت) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے 13 مزید خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت اور 7دہشت گردوں کی قید کے فیصلوں کی توثیق کر دی ہے ، یہ دہشت گرد 202 افراد کو شہید کرنے میں ملوث تھے، انہوں نے 151 عام شہریوں اور آرمڈ فورسز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 51 اہلکاروں کوشہید کیا جبکہ ان کے حملوں میں 249 سیکورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر ) کے مطابق سزا پانے والے دہشت گردوں میں منیر الرحمن، محمد بشیر، حافظ عبداللہ، بخت اللہ خان، شاہ خان، محمد سہیل خان، داؤد شاہ، محمدمنیر، حبیب اللہ، محمد آصف، گل شاہ، جلال حسین اور علی شیر شامل ہیں۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ تمام افراد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں، تعلیمی ادارے تباہ کرنے اور بے گناہ شہریوں کو قتل کرنے سمیت دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا، دہشت گردوں نے جوڈیشل مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے آگے اپنے جرائم کا اعتراف اورانہیں فوجی عدالتوں نے سزائیں سنائیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے 7 دیگر دہشت گردوں کو قید کی بھی توثیق کردی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ