ماضی میں ڈیموں کی تعمیر پر مجرمانہ غفلت برتی گئی ، سینیٹر جاوید عباسی 

49

اسلام آباد( آن لائن )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر جاوید عباسی نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کا بننا ازحد ضروری ہے،اسے بہت جلد مکمل ہونا چاہیے تھا، ماضی میں مجرمانہ غفلت برتی گئی ،ملک کو دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ جیسے درپیش چیلنجز کی وجہ سے ڈیموں پر توجہ نہیں دی گئی۔پیر کو شریف فیملی ریفرنس کیس کی سماعت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ اس ڈیم کو قوم کے پیسوں سے ہی بننا تھا کیونکہ اس کے محل وقوع کی وجہ سے کوئی بھی ادارہ قرض دینے کو تیارنہیں ہے اور اس حوالے سے ماضی کی حکومتوں نے قوم کو حقائق سے آگاہ بھی نہیں کیا ، ماہرین کے مطابق پاکستان ان ممالک میں شامل ہوگیاہے جہاں پانی تیزی سے ختم ہورہا ہے،بدقسمتی سے70ء کے بعد اب تک جتنی بھی حکومتیں آئیں انہوں نے اس جانب توجہ نہیں دی جو ایک مجرمانہ غفلت ہے،پانی کو ذخیرہ کرنے کے لیے ہمیں چھوٹے چھوٹے ڈیموں کی طرف بھی توجہ دینی چاہیے تاکہ ملک کو سرسبز کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ (ن)لیگ نے اقتدار میں آکر اس جانب توجہ دی،اب ڈیمز آخری مراحل میں ہیں جونواز شریف حکومت نے شروع کیے تھے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ