سول ایوی ایشن میں اعلیٰ سطح پر تبدیلیاں، اہم ڈائریکٹرز کا تبادلہ

66

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایوی ایشن ڈویژن میں نئے سیکرٹری کے تقرر کے ساتھ ہی سول ایوی ایشن اتھارٹی میں اعلیٰ سطح پر تبدیلیاں کی گئی ہیں اور تقریباً سارے ہی اہم ڈائریکٹروں کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق نئے سیکرٹری سول ایوی ایشن نے درست آدمی کو درست جگہ پر متعین کرنے کی پالیسی اختیار کی ہے۔ سب سے اہم تبادلہ مکینیکل انجینئر سمیر سعید کا ہے جو ڈائریکٹر ہیومین ریسورس کی اسامی پر عرصے سے تعینات تھے اور ادارے میں سابقہ ڈی جی کے خلاف نافرمانی کی تحریک کے بانی تھے۔ سمیر سعید کا تبادلہ بطور ڈائریکٹر انجینئرنگ کر دیا گیا ہے۔ سمیر سعید نے تبادلہ ہونے کے باوجود نہ تو اپنے عہدے کا چارج باضابطہ طور پر نئے ڈائریکٹر ہیومین ریسورس ثمر رفیق کو دیا ہے اور نہ ہی اپنے کمرے سے منتقل ہوئے ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق سمیر سعید اتوار کو چھٹی کے روز اپنے دفتر آئے اور اہم فائلیں گھر لے گئے۔ اس کے بعد سے ان کا دفتر مقفل ہے۔ ڈائریکٹر کمرشل اینڈ اسٹیٹ صادق الرحمٰن کو ڈائریکٹر پروجیکٹ لاہور ائرپورٹ مقرر کیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ القراء العتیق کو نیا ڈائریکٹر کمرشل تعینات کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر انجینئرنگ سروسز آصف علی شاہ گیلانی کو بھی پروجیکٹ ڈائریکٹر اسلام آباد ائرپورٹ مقرر کیا گیا ہے۔ زبیر حسین پراچہ ایڈیشنل ڈائریکٹر لیگل کو القراء العتیق کی جگہ پر سیکرٹری بورڈ مقرر کیا گیا ہے۔ اعزاز احمد کو پروجیکٹ ڈائریکٹر لاہور ائرپورٹ کی اسامی سے ہٹا کر ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر لاہور ائرپورٹ مقرر گیا گیا ہے۔ اختر مرزا احمد بیگ کو چیف آپریشن آفیسر ملتان تعینات کیا گیا ہے۔ ذوالفقار علی میرانی کو ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹینڈرڈ مقرر کیا گیا ہے۔ جمال عبدالناصر کو ایڈیشنل ڈائریکٹر سی این ایس اسلام آباد، مظفر علی کو ایڈیشنل ڈائریکٹر ای ای او، عبیدالرحمٰن عباسی کو ائرپورٹ منیجر پشاور اور عبدالباسط کو ڈپٹی ائرپورٹ منیجر پشاور مقرر کیا گیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ