بین الاقوامی ہیلتھ اور فارما ایشیاء نمائش آج سے شروع ہوگی

52

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ایکسپو سینٹر کراچی میں 15ویں بین الاقوامی ہیلتھ ایشیا اور فارما ایشیاء نمائش آج منگل 11 ستمبر سے شروع ہوگی۔ نمائش میں چائنا، سنگاپور، بھارت، امریکا ، برطانیہ، جرمنی، سوئزرلینڈ، فرانس ، اٹلی اور ترکی سمیت25 ممالک کے 550 سے زائد وفود شرکت کررہے ہیں، تین روزہ نمائش میں 912 برانڈز کے اسٹالز لگائے گئے۔ ای کامرس گیٹ وے کے صدر ڈاکٹر خورشید نظام نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے صحت اور تعلیم کے ویژن سے دنیا بھر میں مثبت تاثر قائم ہوا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ نئی حکومت کے قیام کے بعد 15 ویں ہیلتھ ایشیا اور فارما ایشیاء میں شرکت کے لیے آخری لمحات میں بھی بیرون ممالک سے شعبہ صحت سے منسلک کئی اداروں کے وفود کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ای کامرس کے زیر اہتمام تین روزہ بین الاقوامی نمائش ہیلتھ ایشیا اور فارما ایشیا میں اس سال چھے ہالز میں دنیاکی معروف کمپنیاں صحت اور ادویات کے علاوہ تحقیقی حوالے سے اپنے اسٹال مشتہر کررہی ہیں۔ 15ویں تین روزہ نمائش میں 30 سے زائد سیمینار منعقد کیے جارہے ہیں جن میں طب اور تحقیق کے شعبے سے منسلک غیر ملکی اور پاکستانی ماہرین اظہار خیال کریں گے۔ ای کامرس گیٹ وے کے صدر ڈاکٹر خورشید نظام نے گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال 15ویں ہیلتھ ایشیاء اور فارما ایشیاء نمائش میں زیادہ تعداد میں اس صنعت سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت کی شرح میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ