کے پی کے اسمبلی کو مثالی بنانے کیلیے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے

41

پشاور (آئی این پی ) اسپیکر خیبرپختونخوااسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ اسمبلی میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلیے ممبران اسمبلی کیلیے اسمبلی کے قواعد وضوابط سے آگاہی نہایت ضروری ہے، آگاہی ہوگی تو اسمبلی کی کارروائی میں بہتر طور پر حصہ لے سکیں گے، خیبرپختونخوااسمبلی کو ایک مثالی اسمبلی بنانے کیلیے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے ، مفادعامہ میں اسمبلی کے رولز وریگولیشنز میں ریفارمز لائی جائیں گی ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشاور کے نجی ہوٹل میں (پی آئی پی ایس ) ،یواین ڈی پی) اور ایس یو بی اے آئی) کے زیر اہتمام ممبران خیبرپختونخوا اسمبلی کیلیے صوبائی اسمبلی کے رولز وریگولیشن سے آگاہی کیلیے منعقدہ اور ینٹیشن سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔دیگر مقررین میں فرحت اللہ بابر، پی آئی پی ایس کے ایگزیکٹیوڈائریکٹر ظفراللہ خان بھی شامل تھے ۔اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے کہا کہ اکثر اوقات اسمبلیوں میں نئے چہرے منتخب ہو کر آتے ہیں،لہٰذا اس امر کی ضرورت ہو تی ہے کہ ان کو اسمبلی کے رولز وریگولیشن سے آگاہی کیلیے مختلف ٹریننگ پروگرام کروائے جائیں ،عوام ممبران اسمبلی کو منتخب کر کے بھیجنے کے بعد اپنے ممبران سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ اسمبلی میں ان کے اور صوبے کے عوام کے حقوق کیلیے آواز بلند کریں ،اس مقصد کیلیے ممبران کو اسمبلی میں تحریک التواء ،پوائنٹ آف آرڈر اور قراردادوں کے علاوہ سوالات کے ذریعے عوامی مسائل کو اجاگر کرکے ان کا حل تلاش کرنا ہو تاہے لہٰذا ان کے لیے ایسی ٹریننگ کا حاصل کرنا نہایت ضروری ہو تاہے ۔اگر وہ قواعد وضوابط سے آگاہ ہوں گے تو اسمبلی کی کارروائی میں بہتر طور پر حصہ لے سکیں گے اور مؤثر قانون میں اہم کردار ادا کریں گے ۔اسپیکرنے کہا کہ ہم سب مل کر خیبرپختونخوا اسمبلی کو ایک مؤثر اور مضبوط ادارہ بنائیں گے ۔تاکہ یہ ادارہ حکومت پر بھی بہتر طورپر نظر رکھ سکے ۔انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں صوبائی اسمبلی کے ممبران اور اسٹاف کی استعداد کار بڑھانے کیلیے مختلف ٹریننگ پر وگرام کا اہتمام کروائیں گے ۔تاکہ خیبرپختونخوامیں بہتر ین قانون سازی کی راہ ہموار ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئندہے کہ خیبرپختونخوااسمبلی میں اکثریت بہتر تعلیم یافتہ ممبران کی ہے ۔جوٹریننگ حاصل کرکے عوام کی فلاح وبہبود کیلیے بہتر قانون سازی کرنے کے قابل ہو جائیں گے ۔ انہوں نے سابقہ اسپیکر اسد قیصر کی بھی تعریف کی ۔ انہوں نے ممبران اسمبلی کے لیے مختلف ٹریننگ پروگراموں کا انعقاد کیا جس سے مثبت نتائج برآمد ہوئے اور ممبران اسمبلی نے قانون سازی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ممبران اسمبلی کیلیے ایسے ٹریننگ پروگراموں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔آخر میں PIPSکے ایگزیکٹیوڈائریکٹر ظفراللہ خان نے اسپیکر مشتاق احمد غنی کو اپنے ادارے کے جانب سے شیلڈ دی ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ