ایٹا ٹیسٹ کا پیپر آ ؤ ٹ کرنے والے 2مرکزی ملزمان گرفتار

47

پشاور (آئی این پی )کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے میڈیکل کے داخلہ کیلیے منعقد ہونیوالے ایٹا ٹیسٹ کا پیپر آ ؤ ٹ کرنے میں ملوث ملزموں کی نشاندہی پر 2مرکزی ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ ایٹا کا پیپر آؤٹ کرنے میں ڈرائیور اور چوکیدار نے مرکزی کردار ادا کیا،پیپر کے عوض لی گئی نقدی 9 لاکھ اور 32 لاکھ کا چیک برآمد کرلیاجبکہ ان کے قبضے سے ڈائریکٹر ایٹا کے دفتر اور سیکریسی روم کی جعلی چابیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق سی سی پی او پشاور قاضی جمیل الرحمان کو اطلاع ملی تھی کہ 19 اگست کو میڈیکل داخلہ کیلیے منعقد ایٹا ٹیسٹ کا پیپر آؤٹ ہوا ہے جس کانوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او کی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشنز جاوید اقبال اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن نثار خان کی نگرانی میں اے ایس پی حیات آباد وقار عظیم کھرل ٗ ڈی ایس پی انوسٹی گیشن کینٹ ارشد خان ٗ سرکل آفیسر امتیاز عالم ٗ انسپکٹر حسن خان ٗ انچارج انوسٹی گیشن تاتارا سرتاج خان اور تفتیشی آفیسر شیر الرحمان پر مشتمل خصوصی ٹیم نے فوری کارروائی کرکے پیپر آؤٹ کرنے میں ملوث 6 ملزموں حضرت علی ٗ جمیل ٗ پیر فضل الوہاب ٗعزت خان ٗ محمود اور رحمان اللہ کو گرفتار کیا تھا جنہوں نے دوران تفتیش مرکزی ملزمان کی نشاندہی کی ۔ جس پرایس آئی ٹی (سپیشل انٹاروگیشن ٹیم) نے فوری کارروائی کرکے ایٹا کے ڈرائیور ساجد ولد نصر اللہ سکنہ جٹی پایاں اور چوکیدار محمد اسحاق ولد دست محمد شگئی ہندکیاں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے پیپر کے عوض لی گئی نقدی 9 لاکھ اور 32 لاکھ کا چیک برآمد کرلیاجبکہ ان کے قبضے سے ڈائریکٹر ایٹا کے دفتر اور سیکریسی روم کی جعلی (ڈپلیکٹ) چابیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ دوران تفتیش مزید انکشاف ہوا کہ ڈرائیور ساجد اور محمد اسحاق نے منصوبہ بندی کے تحت ڈپلیکٹ چابیاں بنوائی تھیں اور موقع ملتے ہی پیپر غائب کرکے آؤٹ کردیا تھا اور امیدواروں سے بھاری رقم وصول کی تھی ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ