حکومت نے تعلیم کے فروغ کا پختہ عزم کر رکھا ہے،محمود جان خان

51

پشاور (آئی این پی )ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود جان خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے تعلیم کے فروغ کا پختہ عزم کر رکھا ہے ،اس مقصد کے حصول کیلیے تمام ٹھوس اقدامات اٹھا کر دور جدید کے چیلنجوں کا مقابلہ کیا جائیگا ،جب کام کا عزم پختہ ہو تو کوئی رکاوٹ منزل کے حصول سے نہیں روک سکتی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور کے 14 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پر وی سی یونیورسٹی رضیہ سلطانہ‘ وی سی بنوں یونیورسٹی‘ ڈائریکٹر جنرل ایچ ای سی کے علاوہ دیگر پروفیسران‘ لیکچررز اور طالبات کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔ڈپٹی اسپیکر محمود جان خان نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی سے انکا تعلق گزشتہ 5 سال سے برقرار ہے اور انہوں نے یونیورسٹی کے مسائل کے حل میں پہلے بھی کردار ادا کیا اور موجودہ دور میں بھی اپنی بھر پور کوشش کریں گے۔ انہوں نے نوجوانوں کے ساتھ ساتھ طالبات کے جذبے کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا کہ ملک میں تبدیلی انہی کے مرہون منت ہے کیونکہ صوبے اور ملک میں تبدیلی کا خواب انہی کی کاوشوں سے شرمندہ تعبیر ہورہا ہے۔ محمود جان خان نے کہا کہ غلام قومیں کبھی ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتیں لہٰذا ملک کے عوام نے غلامی کی زنجیریں توڑ کر پاکستان تحریک انصاف کو نہ صرف کامیاب کیا بلکہ پی ٹی آئی کو عوامی سطح پر مزید اجاگر کر کے تبدیلی کے نعرے کو عملی جامہ پہنایا۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوامی جذبات و احساسات کی بھر پور ترجمان ہے اور یہی وجہ ہے کہ عوامی رائے اور پی ٹی آئی ورکرز کی آواز پر عاطف میاں کی سلیکشن منسوخ کی گئی اور انہیں عہدے سے ہٹایا گیا۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی عوامی رائے کو مد نظر رکھ کر فیصلے کیے جائینگے اور عوام کی رائے کو ہی مقدم سمجھا جائے گا ۔انہوں نے عوام و جوانوں سے اپیل کی کہ چونکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا وژن واضح ہے لہٰذا نہ صرف خوشحالی بلکہ فلاح وبہبود کی مشن کی تکمیل کیلیے بھی عوام حکومت سے بھر پور تعاون کریں اور رکاوٹوں کے باوجود تبدیلی کے عمل کو پایا تکمیل تک پہنچائیں۔ محمود جان خان نے یونیورسٹی ہٰذا کی طالبات سے اپیل کی کہ وہ انٹرنیٹ کو مثبت انداز سے استعمال کر کے تعلیمی میدان میں نمایاں مقام حاصل کرے اور ملک وقوم کا نام روشن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی میں پودا لگا کر گرین پاکستان بنانے کا عزم دہرایا۔ انہوں نے وی سی یونیورسٹی کو یقین دلایا کہ وہ ہر سطح پر یونیورسٹی کی بہتری اور مسائل کے بھر پور حل کیلیے اپنا مکمل تعاون پیش کریں گے ۔اس موقع پر یونیورسٹی کی وی سی رضیہ سلطانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ متذکرہ یونیورسٹی کی ابتداء فرنٹیئر کالج میں مختص ایک نہایت ہی کم رقبے سے ہوئی جبکہ اب یہ یونیورسٹی ایک تناور درخت بن چکی ہے اور ایک کثیر رقبے پر مشتمل ہے ۔ انہوں نے یونیورسٹی کے مسائل و مشکلات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کو درپیش مشکلات دور کرنے کی ضرورت ہے جس کی بدولت یونیورسٹی میں تعلیم کے معیار کو مزید تقویت دی جاسکتی ہے ، ایجوکیشن کا فروغ ملک کی ترقی کا ضامن ہے لہٰذا ایجوکیشن سسٹم کی بہتری کیلیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،قبل ازیں وی سی یونیورسٹی رضیہ سلطانہ اور ڈپٹی اسپیکر محمود جان خان نے دیگر معززین کے ہمراہ تاسیس کے سلسلے کا کیک کاٹا جبکہ آخر میں ڈپٹی اسپیکر نے سال 2017ء میں نمایاں کارکردگی کے حامل اساتذہ اور طالبات کی حوصلہ افزائی کیلیے نقد انعامات‘ سرٹیفکیٹس اور لیپ ٹاپس بھی تقسیم کیے جبکہ وی سی کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر کو بھی شیلڈ کے ہمراہ تحفہ بھی پیش کیا گیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ