خورد برد کے الزام میں چیئرمین بلدیہ جامشورو 6 ماہ کے لیے معطل

40

کوٹری (نمائندہ جسارت) ناقص کارکردگی اور خورد برد کے الزام میں چیئرمین ٹاؤن کمیٹی جامشورو6 ماہ کے لیے معطل، ڈپٹی کمشنر جامشورو ایڈ منسٹریٹر مقرر۔ سندھ حکومت نے ٹاؤن کمیٹی جامشورو کے چیئرمین لالا فیصل کے اختیارات 6 ماہ کے لیے معطل کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جامشورو فرید الدین مصطفی کو ایڈ منسٹریٹر مقرر کردیا ہے، جنہوں نے پیر کے روز ایڈ منسٹریٹر کا چارج لیتے ہوئے علاقے میں صحت وصفائی سمیت فراہمی و نکاسی آب کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے متعلقہ عملے کو ہدایت بھی جاری کردی ہیں۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر جامشورو فرید الدین مصطفی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ چیئرمین ٹاؤن کمیٹی جامشورو کی معطلی کی وجہ واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم کی جانب سے علاقے میں نکاسی و فراہمی آب کی اسکیموں کے غیر فعال بنے ہوئے اورصحت وصفائی کا نظام خراب ہونے پرسمیت خورد برد کی شکایت پر عمل میں لائی گئی ہے جبکہ خود برد سے متعلق تحقیقات اینٹی کرپشن سے کرائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامشورو میں صحت وصفائی کا نظام بہتر بنانے اور شہریوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہماری اولین ذمے داری ہے جس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ اپنی شکایات ڈی سی آفس میں جمع کرائے تاکہ بروقت انکا ازالہ کیا جاسکے۔ واضح رہے کہ معطل کیے جانے والے چیئرمین پیپلزپارٹی سے تعلق رکھتے ہیں اور ضلع جنرل سیکرٹری لالا رحمن کے قریبی رشتے دار بتائے جاتے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ