حیدر �آباد پولیس کی کارروائی ، تالا توڑ گروہ کے 5 ملزمان گرفتار

54

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) سٹی پولیس نے تالاتوڑ گینگ کے گرفتار5ملزمان کو معمولی مقدمات میں ملوث کردیا، حراست کے دوران ایک ملزم پر شدید تشدد کیا گیا، عدالت نے ملز م کی تشدد کی شکایت پر میڈیکل کراکر رپورٹ عدالت میں پیش کرنے حکم دیدیا۔ سٹی پولیس نے گزشتہ ہفتے کھوکھرمحلہ اوردیگر مقامات پر تالے توڑ کر وارداتیں کرنے میں ملوث 5 ملزمان حیدر حسین ولد غلام حسین، تنویر حسین ولد حضور بخش بھٹی، غلام نبی ولد رستم، نوید ولد حبیب راجپوت، بلال ولد تاج محمد قنبرانی کو گرفتار کیا تھا اور کئی روز تک حراست میں رکھنے اور سودے بازی کے بعد ملزمان کو معمولی مقدمات میں ملوث کردیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران حراست ملزمان پر شدید تشدد کیا گیا، جبکہ ملزم حیدر حسین کو 6 بوتل کچی شراب برآمدگی کے مقدمے میں 9 ستمبر کو ایف آئی آر نمبر 121 میں، ملزم تنویر ولد حضور بخش بھٹی کو 115 گرام چرس رکھنے کے مقدمے میں 8 ستمبر کو ایف آئی آر نمبر 120/2018 میں، ملزم غلام نبی ولد رستم کو 145 گرام چرس رکھنے کے مقدمے میں ایف آئی آر نمبر 119/2018 میں، ملزم بلال ولد تاج محمد قنبرانی کو 6 ستمبر ایف آئی آر نمبر 117/2018 میں اور ملزم نوید ولد حبیب راجپوت کو 6 بوتل کچی شراب کے مقدمے میں ایف آئی آر نمبر 116/2018 میں 6 ستمبر کو ملوث کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان مختلف علاقوں میں تالے توڑ کر وارداتیں کرتے تھے اور انہیں کھوکھر محلے میں واردات کے دوران گرفتار کیا گیا تھا مگر بعد ازاں مبینہ سودے بازی کرکے انہیں معمولی مقدمات میں ملوث کردیا، سٹی پولیس کی جانب سے ملزم نوید کو سول جج اینڈ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیے جانے کے موقع پر ملزم نے عدالت کو بتایا کہ دوران حراست اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے اور اس کے جسم میں کئی فریکچر ہوئے ہیں، جس پر عدالت نے ملزم کو میڈیکل کراکر رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ