سکھر میں ادھورے ترقیاتی کام مکمل کیے جائیں، حاجی شریف بندھانی

102

سکھر (نمائندہ جسارت) بندھانی برادری کے صدر حاجی شریف بندھانی نے شہر کے مختلف علاقوں میں ادھورے ترقیاتی کام پایہ تکمیل تک نہ پہنچانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی مشکلات دور کرنے کے لیے شرو ع کیے گئے ترقیاتی کام ادھورے چھوڑے جانے کی وجہ سے عوام کے لیے وبال جان بن گئے ہیں، دن بھر شہر میں دھول و مٹی کا طوفان اڑنے سے لوگ مختلف امراض میں مبتلا ہورہے ہیں، مگر انتظامیہ ادھورے ترقیاتی کام کو مکمل کرانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کررہی ہے، جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں علاقہ مکینوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر حاجی خضر حیات، نائب صدر حاجی مسلم، جنرل سیکرٹری حاجی محمد یامین، ایڈیشنل سیکرٹری عبدالجبار راجپوت، خازن حافظ محمد شعیب ودیگر بھی موجود تھے۔ حاجی شریف بندھانی کا کہنا تھا کہ نواں گوٹھ میں میونسپل ڈسپنسری سے لیکر پھاٹک تک کے ایک وسیع حصے پر سڑک کی تعمیر کا کام ادھورا ہے، ٹھیکیدار نے کام ادھورا چھوڑ دیا ہے اور اب چھوڑے گئے ٹکڑے پر سڑک تعمیر نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں غم و غصہ پھیل رہا ہے جبکہ شہر کی اہم ترین شاہراہوں ملٹری روڈ، شکارپور روڈ و دیگر میں بھی جاری ترقیاتی کام ادھورے پڑے ہیں، جس کی وجہ سے عوام کی مشکلات بڑھ رہی ہے، شکارپور روڈ پر بڑے بڑے گڑھے کھودے جانے کی وجہ سے آدھی سڑک باقی رہ گئی ہے، مذکورہ شاہراہ پر ٹریفک جام رہنا بھی معمول بن گیا ہے، جن لوگوں کی دکانیں شکارپور روڈ پر واقع ہیں ان کا کاروبار بھی ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے، انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے اور ٹھیکیدار ادھورے ترقیاتی کاموں کو مکمل نہیں کررہا جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کمشنر سکھر ڈویژن ودیگر افسران سے اپیل کی کہ ادھورے ترقیاتی کام فوری طو رپر مکمل کرائے جائیں تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی ہوسکے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ