6 کے بعد 4 ملکی ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد بھی مشکل میں ، عالمی فیڈریشن کا مداخلت سے گریز

72

لاہور(جسارت نیوز)4ملکی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کی میزبانی پر بھی سوالیہ نشان لگنے کی صورت میں مالی بحران میں گھری پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ایک اور جھٹکا لگا ہے۔آئی این پی کے مطابق ہاکی سیریز اوپن کے نام سے لاہور میں ہونے والے 6ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں ترکی، عمان، بنگلادیش، قازقستان، افغانستان اور پاکستان کو حصہ لینا تھا، ٹورنامنٹ 26ستمبر سے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہونا تھا تاہم ترکی اور عمان کے انکار کے بعد اسے4 ملکی ٹورنامنٹ تک محدود کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق اب قازقستان اور بنگلادیش نے بھی شرکت سے معذرت کرلی ہے جس کے بعد قومی جونیئر ٹیم کا اسلام آباد میں شیڈول کیمپ بھی منسوخ کر دیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے مذکورہ ٹیموں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے ایشین ہاکی فیڈریشن کو باقاعدہ خط بھی لکھا جا چکا ہے۔ایشین ہاکی فیڈریشن کے قوانین کے مطابق آئی ایچ ایف کسی ملک کی فیڈریشن کے فیصلے میں ہاکی مداخلت سے گریز کرے گی۔ اس وجہ سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے خط کو اہمیت نہ ملنے کے امکانات بھی ہیں جس کی وجہ سے شاید پاکستان ہاکی فیڈریشن اس ایونٹ کو بھی منعقد نہ کرا سکے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پے در پے ایونٹس کے انعقاد اور بعد میں ان کے التواء کے معاملات سے پاکستان ہاکی کی مقبولیت کا گراف بتدریج کم ہوتا جارہا ہے، جس سے شائقین ہاکی کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔واضح رہے کہ پی ایچ ایف نے ترکی اور عمان کی ٹورنامنٹ میں عدم شرکت پر عالمی ہاکی فیڈریشن کو خط لکھا تھا جس میں ترکی اور عمان کی ٹورنامنٹ میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے کہا گیا تھا‘تاہم عالمی فیڈریشن کی جانب سے تاحال کوئی جواب نہیں آیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ